QR CodeQR Code

حکومت عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے، علامہ نثار قلندری

3 Jul 2019 19:35

کابینہ اجلاس سے خطاب میں جعفریہ الائنس رہنما نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، اس وقت پاکستان کو داخلی اور بیرونی سازشوں کا سامنا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو مشکلات میں مبتلا کردیا ہے، پاکستانی معاشرہ بحران اور مشکلات کا شکار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کی کابینہ کا اہم اجلاس پی ای سی ایچ سو سائٹی میں منعقد ہوا، جس میں علامہ حسین مسعودی، علامہ باقر زیدی، علامہ نثار قلندری، شبر رضا، محمد یعقوب شہباز، ثروت رضوی، شہزاد رضوی، ریحان اکبر، نیئر علی، مہتاب حیدر و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر علامہ نثار قلندری نے کہا کہ تنظیمیں کسی بھی مقصد کے حصول کا ذریعہ ہوا کرتی ہیں، جتنا تنظیمی عمل مضبوط ہوگا اتنا ہی عوام کے حقوق کی جدوجہد کرنا آسان ہوگا، پاکستانی معاشرہ بحران اور مشکلات کا شکار ہے، تنظیمی ذمہ داران کو چاہیئے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے بنیادی اقدامات کریں، موجودہ ملکی حالات اور چیلینجز سے نمٹنے کے لئے تنظیمی عمل کو تیز کیا جائے تاکہ اس کے ذریعے تشیع کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

علامہ نثار قلندری نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، اس وقت پاکستان کو داخلی اور بیرونی سازشوں کا سامنا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو مشکلات میں مبتلا کردیا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے، پاکستان کی عوام غربت اور افلاس میں مبتلاء ہے، تھر میں قہر کی بدترین صورتحال ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کئی بچے لقمہ اجل بن جاتے ہیں، حکومت کی جانب سے اُن کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے، پاکستان کے بچے تعلیم اور صحت سے بھی محروم ہیں اور پھر حکومتیں دعوے کرتی ہیں کہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، حکومت کو چاہیئے کہ عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے بنیادی اقدامات اٹھائے۔


خبر کا کوڈ: 802956

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802956/حکومت-عوام-کو-ریلیف-دینے-اور-مہنگائی-کے-خاتمے-کیلئے-بنیادی-اقدامات-اٹھائے-علامہ-نثار-قلندری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org