0
Thursday 4 Jul 2019 22:25

این آئی اے کی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہونگے، سید علی گیلانی

این آئی اے کی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہونگے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے تنظیم کے سربراہ سید علی گیلانی کے افراد خانہ کے خلاف این آئی اے کی کارروائیوں کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی کو 10 برس سے نظربند رکھنے کے بعد اب بھارت ان کے افراد خانہ کو بھی نشانہ بنا رہا ہے تاہم ان کارروائیوں سے ان کے حوصلوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ سرینگر سے جاری بیان کے مطابق حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوری کا اجلاس حیدرپورہ سرینگر میں چیئرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اس بات پر شرکاء اجلاس نے انتہائی فکرمندی اور تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت سید علی گیلانی جیسے عزم و ہمت کے کوہ گراں شخصیت کو مرعوب کرنے کے لئے نہ صرف ان کے ساتھیوں کو ہراساں اور اسیر بنا رہا ہے، بلکہ ان کے افراد خانہ کو بھی مختلف بہانوں سے پریشان کرکے قائد حریت کو ذہنی پریشانی میں مبتلا کرنے کی کوششیں کررہا ہے تاکہ وہ اپنے مبنی بر حق موقف سے دستبردار ہوجائے۔

بیان کے مطابق 10 برس سے اپنے گھر کی چاردیواری میں محصور قائد تحریک کے فرزند نسبتی محمد الطاف شاہ کو قریباً دو برسوں سے فرضی الزامات کے تحت تہاڑ جیل میں محبوس رکھا گیا جبکہ ان کے فرزندان ڈاکٹر نعیم گیلانی اور ڈاکٹر نسیم گیلانی کو کئی بار این آئی اے نامی ایجنسی کے سامنے دہلی طلب کیا گیا اور اب ان کے نواسے اور محمد الطاف شاہ کے فرزند انیس الاسلام کو پھر ایک بار دہلی طلب کیا گیا۔ اجلاس میں ان کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سید علی گیلانی اور ان کے ساتھی نہ ماضی میں ایسے حربوں سے مرعوب ہوئے اور نہ آئندہ ہی مرعوب ہوں گے۔ اجلاس میں حریت کے ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار پر پھر ایک بار PSA عائد کرنے کی مذمت کی گئی جو صرف دو ماہ قبل ان کے PSA میں عائد کئے گئے الزامات کو یہاں کی عدالت عالیہ کی طرف سے رد کئے جانے پر رہا ہوکر اپنی پرامن سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے۔ اجلاس میں غلام احمد گلزار کی جگہ حکیم عبدالرشید کو حریت کا ترجمان مقرر کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 802991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش