0
Tuesday 21 Jun 2011 23:30

ریاستی اداروں،محکموں کو امریکہ و طالبان نواز عناصر سے پاک کرنے کیلئے سکروٹنی کی جائے، حاجی فضل کریم

ریاستی اداروں،محکموں کو امریکہ و طالبان نواز عناصر سے پاک کرنے کیلئے سکروٹنی کی جائے، حاجی فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ تمام ریاستی اداروں اور سرکاری محکموں کو امریکہ اور طالبان نواز عناصر سے پاک کرنے کے لیے سکروٹنی کی جائے، تاکہ ملک و قوم کے غداروں کا صفایا کیا جا سکے۔ پوری قوم اپنی نفرتوں کا رخ دہشت گردوں کی طرف موڑ دے۔ خودکش حملہ آور تیار کرنے والے جنونی انسانیت پر رحم کریں اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام بند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہل سنت جماعتوں کی ”آل پارٹیز کانفرنس“ کی تیاریوں اور رابطوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ طالبان اور امریکہ سے نجات میں پاکستان کی حیات ہے۔ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستانی قوم نروس بریک ڈاﺅن کے قریب ہے۔ اس نازک مرحلے پر دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والی پاک فوج کی مخالفت ملک سے خیر خواہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خالق جماعت کے سربراہ کی فوج مخالف مہم ملک دشمنی ہے۔ اگر وہ محب وطن ہیں تو فوج کی بجائے امریکہ اور طالبان پر تنقید کریں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان میں اپنے قونصل خانوں کے ذریعے امریکہ کے تعاون سے پاکستان کے خلاف تخریبی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ساٹھ سالوں سے سیاست و حکومت کو مراعات یافتہ اشرافیہ نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ قوم دہشت گردوں کی مذمت میں اگر مگر کا سہارا لینے والے سیاستدانوں کا سوشل بائیکاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغان جہاد میں امریکہ سے ڈالر لینے والے دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ ہم دہشت گردوں کے خلاف آواز بلند کر کے پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کر رہے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ غیرآباد سرکاری زمینیں بیروزگار نوجوانوں میں تقسیم کی جائیں اور دانش سکولوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے تمام سرکاری سکولوں کی حالت ٹھیک کی جائے اور اساتذہ کی تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں پیر سید محفوظ مشہدی، پیر سید اقبال شاہ، محمد نواز کھرل، پیر اطہر القادری، پیر ضیاءالمصطفیٰ حقانی، سردار محمد خان لغاری، پیر سید صفدر شاہ گیلانی، مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی، مولانا مجاہد عبدالرسول، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، صاحبزادہ عثمان علی، صاحبزادہ سید شاہد گردیزی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، پیر خادم حسین شرقپوری، مفتی سید مزمل حسین شاہ، شیخ اظہر سہیل، معین الحق علوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعہ مطالبہ کیا گیا کہ دوہری شہریت رکھنے والے سیاستدانوں پر سیاست میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 80305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش