0
Thursday 4 Jul 2019 11:19

قومی، سیاسی و تنظیمی پالیسی سازی کیلئے پی ٹی آئی کی 21 رکنی کور کمیٹی قائم کر دی گئی

قومی، سیاسی و تنظیمی پالیسی سازی کیلئے پی ٹی آئی کی 21 رکنی کور کمیٹی قائم کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، 21 رکنی کور کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی اے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی کا قیام تحریک انصاف کے آئین کی شق (1.1)VI کے تحت عمل میں آیا ہے۔ عبدالعلیم خان، ارشد داد، اسد عمر، بابر اعوان، فواد چودھری اور غلام سرور خان کمیٹی کے رکن نامزد کیے گئے ہیں۔ محمود خان، مخدوم شاہ محمود قریشی، محمد عاطف خان، محمد میاں سومرو اور مراد سعید بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ نعیم الحق، پرویز خٹک، قاسم خان سوری، سیف اللہ خان نیازی، سردار عثمان بزدار اور سردار یار محمد رند بھی کور کمیٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔ شفقت محمود، شیریں مزاری، سید علی حیدر زیدی اور سید شبلی فراز بھی کور کمیٹی میں شامل ہیں۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کور کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد کور کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق اہم قومی، سیاسی و تنظیمی معاملات پر غور و خوض اور پالیسی سازی کیلئے کور کمیٹی کے اجلاس بلوائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے دو جون کو ملک بھر میں تمام سطحوں پر قائم پارٹی کی تنظیمیں تحلیل کر دی تھیں۔ پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے مشاورت کے بعد سیکرٹری جنرل ارشد داد نے نوٹیفکیشن  جاری کیا، جس کے تحت تحریک انصاف کی ذیلی تنظیمیں اور شعبہ جات بھی تحلیل کر دیئے گئے۔ پارٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور چیف آرگنائزر بدستور عہدوں پر برقرار رہیں گے، جبکہ اس حکمنامے کا اطلاق سیکرٹری جنرل، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری مالیات اور او آئی سی کے سیکرٹری پر بھی نہیں ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گذشتہ برس دسمبر میں پارٹی کی تنظیم نو کی منظوری دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 803082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب