0
Thursday 4 Jul 2019 12:48

کرپٹ افراد قومی مجرم، کسی رعایت کے مستحق نہیں، جاوید قصوری

کرپٹ افراد قومی مجرم، کسی رعایت کے مستحق نہیں، جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ نو منتخب امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کے ریمارکس کہ ”کرپشن پر جیل کاٹنے سے بدعنوانی سے کمائی گئی رقم اور جائیداد حلال نہیں ہو جاتی، رقم واپس کرنا ہوگی۔“ خوش آئند ہیں۔ حکومت کی ذمہ د اری ہے کہ وہ قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی واپس لائے، مگر بد قسمتی سے حکومت اس میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ذاتی عناد میں کی گئی قانون سازی انتہائی نقصان دہ ہو سکتی ہے، اس سے اداروں کے اختیارات کی ایک نئی جنگ شروع ہو جائے گی۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ ایک مرتبہ پھر ملک میں نوے کی دہائی والی سیاست شروع کر دی گئی ہے۔ حکومت قانون کو آزادی سے کام کرنے دے۔

انہوں نے کہا کہ جس کسی نے بھی اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے، اس کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، مگر اس سارے عمل میں سیاسی انتقام کی بُو نہ ہو۔ کرپٹ افراد قومی مجرم ہیں اور وہ کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ اب تک جتنے بھی کرپشن کے الزام پر لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان سے ریکوری نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے اگر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہوتا تو آج وہ یوں عدالتوں کے چکر اور جیلوں میں نہ پڑے ہوتے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حکمران بھی ان کے انجام سے سبق سیکھیں اور حقیقی معنوں میں کام کرکے دکھائیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ قانونی اداروں کو دباؤ میں لائے بغیر کام کرنے دیا جائے۔ ملک و قوم اس وقت انتہائی پریشان کن حالات سے دوچار ہیں۔ درپیش مشکلات کی بنیادی وجہ حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور کرپشن ہے۔ جب تک حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ اور کرپشن کا خاتمہ نہیں کرلیتے، اس وقت تک ملک و قوم ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتے۔
خبر کا کوڈ : 803097
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش