QR CodeQR Code

رانا ثناء اللہ سے متعلق تمام شواہد عدالت میں پیش کرینگے، شہریار آفریدی

4 Jul 2019 15:31

ڈی جی اے این ایف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ رانا ثنااللہ سے متعلق ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا، اسی لیے ان کا جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا کہ تمام چیزیں ہمارے پاس موجود تھیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ سے متعلق ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا، اسلام آباد میں ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس یجر جنرل عارف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہریار آفریدی نے کہا کہ منشیات کی وجہ سے پاکستان کا وقار خراب ہوا، جب حکمران اور ایوانوں میں بیٹھنے والے خود ہی ان کاموں میں ملوث ہوں تو قوموں کی عزتوں کا جنازہ اٹھتا ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ منشیات کا گھناؤنا کارو بار کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، پورے پاکستان میں بڑے مگر مچھوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے، نئے پاکستان میں ہم ان لوگوں کو مثال بنائیں گے، تمام ثبوت کورٹ آف لاء میں پیش کئے جائیں گے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، میں بھی نہیں، ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، اگر اس میں تمام نام دے دئیے جائیں تو ان کو جانوں کی کون ضمانت دے گا؟۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ 1200 افراد منشیات فروشی میں گرفتار ہوئے ہیں کیا وہ پاکستانی نہیں؟، فیصل آباد میں ملزم گرفتار ہوا، اس کی لیڈ پر رانا ثناء اللہ کی گاڑی کو تین ہفتوں تک مانیٹر کیا گیا، رانا ثناء اللہ سے نکلی ہیروئن فیصل آباد سے لاہور اور پھر بیرون ممالک جانا تھی۔ رانا ثنااللہ سے متعلق ہمارے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا، اسی لیے ان کا جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا کہ تمام چیزیں ہمارے پاس موجود تھیں، پورے پاکستان میں اے این ایف کے صرف 29 پولیس اسٹیشن ہیں، دنیا کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر منشیات کے خلاف کام کررہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 803106

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803106/رانا-ثناء-اللہ-سے-متعلق-تمام-شواہد-عدالت-میں-پیش-کرینگے-شہریار-ا-فریدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org