0
Thursday 4 Jul 2019 19:59

قبائلی علاقوں میں امیروں کے ہاتھ میں بلا جبکہ عام آدمی کے ہاتھ میں تیر ہے، بلاول بھٹو زرداری

قبائلی علاقوں میں امیروں کے ہاتھ میں بلا جبکہ عام آدمی کے ہاتھ میں تیر ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسہ آصف زرداری دور میں دیا گیا، قبائلی علاقوں کے بجٹ میں 500 فیصد اضافہ کیا گیا، ہمارا رشتہ قربانیوں کا اور شہیدوں کا رشتہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے معاشی حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، سابق صدر آصف زرداری نے پختونخوا کو شناخت اور حقوق دیئے، این ایف سی ایوارڈ میں اضافہ کر کے ہمیشہ کیلئے آپ کیلئے زیادہ پیسہ رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی پشاور میں شیڈول کے مطابق پارٹی کنونشن ہوگا، 6 جولائی کو ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان جاؤں گا، ہم دیر اور باجوڑ کے بارڈر پر بھی پارٹی کنونشن رکھیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ چین سے معاہدہ کر کے آصف زرداری نے سی پیک کا انقلابی منصوبہ شروع کیا، ہمارے ہاتھ میں ہوتا تو سی پیک قبائلی علاقوں سے گزر کر بلوچستان جاتا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا جو آج تک کسی جماعت نے کیا نہ کر سکتی ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے کے پی، قبائلی علاقوں کی معیشت کو کھڑا کیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو پر نوکری دینے کا احتساب کیس بنا تھا، اگر نوکری دینا جرم ہے تو یہ میں بار بار کروں گا۔ بلاول نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں پچھلے 6 سالوں میں انہوں نے کیا کیا ہے، کیا آپ کے صوبے میں مفت ہسپتال بنے، دل کے علاج کا ہسپتال بنا؟ کیا قبائلی علاقوں میں کڈنی، لیور کے مفت ہسپتال کھلے؟ ان کا دوغلا نظام دیکھو اور ان کا نیا پاکستان دیکھو، نواز شریف کی آف شور کمپنی حرام ہے لیکن لاڈلے کی حلال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خان سچا ہے تو اسے فاٹا کا بجٹ 100 فیصد بڑھانا چاہیئے، وفاق نے تعلیم، صحت، ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں کٹوتی کر دی، عوام دشمن بجٹ بھی دھاندلی سے منظور کرایا گیا، سبزی، گیس، ڈیزل، پیٹرول، چینی، روٹی سب مہنگا کر دیا گیا، مرنا مہنگا جینا مہنگا ہے مگر خون سستا ہے یہ کس قسم کی تبدیلی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹیکس کے طوفان نے عوام کو بہا دیا ہے، دوائیوں، کپڑے، چینی، دودھ سمیت ہر چیز پر ٹیکسز لگا دیئے گئے، یہ کے پی اور قبائل دشمن بجٹ ہے، ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں ہمیں اپنے جمہوری حق کا تحفظ کرنا ہوگا۔ پی پی چیئرمین نے کہا میں عوام دشمن بجٹ کے خلاف نکلا، میں تبدیلی سرکار کے خلاف نکلا ہوں، ان شاء اللہ جیت عوام کی ہوگی، پیپلز پارٹی ملک کے آئین پر آنچ نہیں آنے دے گی، یہ ون یونٹ قائم کرنا چاہتے ہیں، فاٹا سے کراچی تک کئی شہری لاپتہ ہیں یہ کس قسم کی آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن میں اپنا کردار ثابت کرے، ضمنی الیکشن میں ثابت ہو جائے گا یہ الیکشن کمیشن ہے یا سلیکشن کمیشن، قبائلی علاقوں میں امیروں کے ہاتھ میں بلا ہے لیکن عام آدمی کے ہاتھ میں تیر ہے۔
خبر کا کوڈ : 803152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش