0
Thursday 4 Jul 2019 20:41

عمران خان منی لانڈرنگ کرنیوالوں کیلئے فاشسٹ ہیں، فردوس عاشق اعوان

عمران خان منی لانڈرنگ کرنیوالوں کیلئے فاشسٹ ہیں، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان فاشسٹ ہیں لیکن منی لانڈرنگ اور ٹی ٹی شریف والوں کے لیے۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نسل در نسل سیاست و حکمرانی منتقل کرنے کا سلسلہ بند ہو چکا، قوم نے تیسرے آپشن کے طور پر عمران خان کو چنا ہے، عام آدمی کی زندگی میں انقلاب لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بدل چکا اور آئین و قانون کی حکمرانی شروع ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان سسٹم کا حصہ بن جاتا تو ان کے لیے قابل قبول تھا لیکن عمران خان نے تہیہ کر رکھا ہے نہ کرپشن کرنی ہے اور نہ کرنے دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زردای کے بے نامی دار اثاثے سامنے آئے ہیں، بے نامی دار اثاثے ایف بی آر نے اٹیچ کر لیے ہیں، اب ایسی صورت حال میں عمران خان، زرداری صاحب کو کیسے اچھا لگ سکتا ہے۔ میثاق جمہوریت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ چارڈر آف کرپشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کا نام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ میچ فکسنگ کی سیاست کرتے رہے، باریاں فکس کر کے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا گیا۔ مسلم لیگ نون کے رہنما کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا رانا ثناء اللہ پولیس مقابلوں کا چیمپئن تھا، سینکڑوں بے گناہ لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا گیا۔ نون لیگ کے صدر شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیئے جانے پر وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ فاشسٹ حکومت وہ ہوتی ہے جو حاملہ عورتوں کو گولیاں مارے، عمران خان عوام کے حقوق کا ضامن بن کر آیا ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 803157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش