0
Thursday 4 Jul 2019 20:57

حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، اعجاز ہاشمی

حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ مخالفین کو خوفزدہ کرنے کیلئے اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاریاں اور ان کیخلاف نیب کے بعد اب اینٹی نارکوٹکس فورس کا استعمال موجودہ حکومت کی سیاسی دہشتگردی اور بد اخلاقی کی انتہا ہے۔ لگتا ہے کہ عمران خان حکومت کی روح میں وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ کی شکل میں جنرل مشرف موجود ہیں، جو پہلے بھی سیاسی جماعتوں کی جوڑ توڑ میں ملوث رہے ہیں اور جنرل مشرف کے دور خدمات کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ انہیں موجودہ حکومت میں بھی عمران خان کیساتھ بٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ خان کو جنرل پرویز مشرف کے دور میں بھی پنجاب اسمبلی کے اندر حمود الرحمن کمشن رپورٹ پر بات کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اب انہیں منشیات کے بھونڈے مقدمے میں ملوث کر دیا گیا ہے۔ حیرت ہے کہ ایک سابق وزیر قانون جو موجودہ حکومت کا سخت سیاسی حریف ہے اس سے یہ توقع کرنی کہ وہ منشیات فروشی میں ملوث ہوگا اور خود گاڑی میں منشیات لا رہا تھا، کوئی ماننے کو تیار نہیں۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے اور ٹیکس میں ہوشربا اضافے سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریوں کی رفتار کو تیز کر چکی ہے۔ اس کا نقصان ملک اور قوم کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔ اپوزیشن کی تحریک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کیخلاف ایم ایم اے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔ جلد مشترکہ لائحہ عمل بھی قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ کیونکہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جابرانہ اور آمرانہ تسلط زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ حکمران کل اپنا انجام بھی یاد رکھیں۔ ان حالات کا انہیں بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کبھی سفید و سیاہ کے مالک جنرل پرویز مشرف کا کوئی نام لینے والا نہیں اور اسے واپس ملک میں واپس آنا بھی نصیب نہیں ہو رہا۔
خبر کا کوڈ : 803160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش