QR CodeQR Code

لٹیروں سے قومی دولت ہر حال میں واپس لینا ہوگی، ثروت اعجاز قادری

4 Jul 2019 22:27

کراچی میں سماجی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ عوام قومی دولت لوٹنے اور قوم کو مقروض بنانے والوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپٹ لٹیروں سے قومی دولت ہر حال میں واپس لینا ہوگی، کرپشن کے ذریعے عوام کے حقوق کا استحصال کرنے والے معافی کے لائق نہیں ہو سکتے، عوام مہنگائی سے تنگ ہے، پی ٹی آئی حکومت ریلیف دینے کا فارمولا بنائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ قادری ہاﺅس پر سماجی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری جرم ہے، ٹیکس کی وصولیابی مہنگائی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام قومی دولت لوٹنے اور قوم کو مقروض بنانے والوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں، دالوں و اجناس کی قیمتوں میں ہوشرباءاضافے کو فوری واپس لیا جائے، غریب کو روٹی دینے کی بجائے غربت کی دلدل میں نہ دھکیلا جائے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک ایک طرف معاشی بدحالی کا شکار ہے، تو دوسری طرف بھارت سرحدوں پر دہشتگردی کر رہا ہے، کنٹرول لائن کے قریب دھماکہ کھلی دہشتگردی ہے، بھارت دوطرفہ جنگ بندی کی کھل کر خلاف ورزی کر رہا ہے، جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جھمپ سیکٹر میں دھماکے سے شہید ہونیوالے 5 فوجی جوانوں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے،  بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاکستان سب سے بڑی نعمت اور اس کے تحفظ وسلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، جھمپ سیکٹر میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اقوام متحدہ جھمپ سیکٹر میں بھارتی دہشتگردی کا نوٹس لے۔


خبر کا کوڈ: 803170

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803170/لٹیروں-سے-قومی-دولت-ہر-حال-میں-واپس-لینا-ہوگی-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org