0
Friday 5 Jul 2019 10:23

ایل او سی کے غریب مکینوں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، غلام قادر شاہ

ایل او سی کے غریب مکینوں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، غلام قادر شاہ
اسلام ٹائمز۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ حکومت نے نیلم کیلئے آفات سماوی اور متأثرین ایل او سی کی داد رسی کیلئے مجموعی طور پر 9 کروڑ روپے کی خطیر رقم ماضی کے برعکس بغیر رشوت اور بلاتفریق تمام متأثرین کو فراہم کی ہے۔ مالی سال 2019-20ء نیلم کیلئے تمام اضلاع سے بہتر بجٹ مختص کرنے پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انشاءاللہ اگلے 15دنوں میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ آٹھمقام سے تاؤبٹ روڈ کا افتتاح کریں گے۔ ہم اپنے انتخابی منشور کے عین مطابق نیلم میں ترقیاتی کام کر رہے ہیں جن سے تمام لوگ یکساں طور پر مستفید ہو رہے ہیں۔ انشاءاللہ نیلم کو اپنے وعدے کے مطابق باقی اضلاع کے برابر لے کر جائیں گے۔ نیلم کے ایل او سی پر واقع علاقوں میں مجموعی طور پر 12 فرسٹ ایڈ پوسٹیں قائم کر رہے ہیں جن میں لوکل سٹاف بھرتی کریں گے۔ ایل او سی کے غریب مکینوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کریں گے جس کے تحت 6لاکھ سے زائد روپے تک کا علاج مفت ممکن ہو سکے گا۔ شاردہ سب ڈویژن میں ہسپتال بنا رہے ہیں۔ یونیورسٹی کیمپس کیلئے 193کنال زمین کی الاٹمنٹ کرا رہے ہیں اور کیمپس کی بلڈنگ کیلئے 90کروڑ کا پراجیکٹ ہائیر ایجوکیشن کو بھیج دیا ہے جس پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آٹھمقام میں متاثرین آفات سماوی میں چیک تقسیم کرنے کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان، ڈپٹی کمشنر راجہ محمود شاہد اور تمام انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے نیلم کے متاثرین کی داد رسی کیلئے اپنا اپنا حصہ ڈالا۔
خبر کا کوڈ : 803198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش