QR CodeQR Code

بے نامی جائیدادوں سے حاصل ہونے والا پیسہ احساس پروگرام میں شامل کیا جائے گا، عمران خان

5 Jul 2019 17:54

اسلام آباد میں احساس پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 60 فی صد پاکستانی 30 سال کی عمر سے کم کے ہیں، نوجوانوں کو قرضے دے کر ہنر مند اور کاروباری بنائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو اس کا 10 فیصد انعام کے طور پر دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں احساس پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیدادوں سے حاصل ہونے والا پیسہ احساس پروگرام میں شامل کیا جائے گا تاکہ غربت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ 60 فی صد پاکستانی 30 سال کی عمر سے کم کے ہیں، نوجوانوں کو قرضے دے کر ہنر مند اور کاروباری بنائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ 18 سال کی عمر میں برطانیہ گئے جہاں انہیں معلوم ہوا کہ فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام میں احساس موجود ہے، لیکن حکومتیں اس سے محروم رہیں، وہ قوم ترقی کرتی ہے جس میں احساس ہوتا ہے۔

شہباز شریف کے بیان پر انہوں نے کہا کہ وہ وہ کہتے ہیں اتنی سزا دینا جتنی برداشت کر سکے، ان کے لیے میرا پیغام ہے کہ میں تو موت بھی برداشت کر سکتا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے لندن کے 40 دورے حکومتی خرچے پر کیے، انہوں نے کرپشن کے پیسوں پر عیاشیاں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے بنانے سے ترقی نہیں ہوتی، 5 فیصد پاکستانیوں کو ہیپاٹائٹس سی ہے، 30 سال کی حکومت میں بہتر علاج کے لیے ایک بھی اسپتال نہیں بنایا، جو بھی بیمار ہوتا ہے علاج کے لیے لندن چلا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں ایف بی آر کو بھی ٹھیک کر کے دکھاؤں گا اور اس قوم سے ٹیکس اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کہیں بھی یہ نہیں پڑھا یا گیا کہ ریاست مدینہ جدید ریاست تھی جس میں غریبوں کا احساس موجود تھا، ہم بھی پاکستان میں پہلی دفعہ غربت کم کرنے کا پروگرام لائے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 803283

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803283/بے-نامی-جائیدادوں-سے-حاصل-ہونے-والا-پیسہ-احساس-پروگرام-میں-شامل-کیا-جائے-گا-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org