0
Friday 5 Jul 2019 20:14

حکومت حکمرانی کرنیکے بجائے حزب اختلاف کی سیاست کر رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

حکومت حکمرانی کرنیکے بجائے حزب اختلاف کی سیاست کر رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ایک مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے اور موجودہ حالات ہمارے وقت سے بھی زیادہ خراب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ مسائل اور بڑھ رہے ہیں، عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہونے والی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری ’سلیکٹڈ‘ حکومت اٹھاوریں ترمیم کے خلاف ہے اور وزیراعظم جھوٹ پر جھوٹ بولتے جا رہے ہیں، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی 1973ء کے آئین پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا مقابلہ پی پی پی نے پریس کلب کے ذریعے ہی کیا تھا، خدانخواستہ ہمیں پھر سے کسی آمریت کا مقابلہ کرنا پڑے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ گذشتہ دو حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی، نظام جتنا بھی کمزور ہو پارلیمنٹ میں مسائل کے حل اور پارلیمانی طریقے سے ہی عوام کے مسائل پر آواز اُٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر جمہوری حکومت کی مدت 3 مرتبہ مکمل ہو جائے تو آمروں کیلئے مشکلات ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پارلیمان اور جمہوریت میں وہ طاقت نہیں ہے، کیوں کہ بدقسمتی سے جو اس جمہوری نظام سے امیدیں تھی وہ پوری نہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پر زور نہیں دیں گے، تو عوام اس جمہوری نظام سے نا امید ہو کر ناراض ہوگی، پارلیمان کا نہ گرنا جمہوریت کی جیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم عوام کے مسائل کے حل کے بجائے آپس میں لڑ رہے ہیں، موجودہ حکومت حکمرانی کرنے کے بجائے حزب اختلاف کی سیاست کر رہی ہے، ایسے میں حکومت کون چلائے گا؟ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کا دباؤ برداشت کرنے کو تیار ہے، تاہم اٹھارویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میرے پورے خاندان کو جیل بھیجنا ہے تو بھیج دیں میں جمہوریت کا دفاع کرنے کیلئے نئی نسل تیار کروں گا اور انشاء اللہ پورے ملک کا دورہ کروں گا۔
خبر کا کوڈ : 803303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش