QR CodeQR Code

دہشتگرد گروپوں کیخلاف کارروائی محض سطحی اور گمراہ کن ہے، بھارتی وزارت خارجہ

5 Jul 2019 21:09

ترجمان نے کہا کہ محض کاغذی نہیں بلکہ نیک نیتی سے دہشتگردوں اور دہشتگرد گروپوں کیخلاف پاکستان کی کارروائی تب جانچی جاسکتی ہے جب مصدقہ اور صاف طور پر دکھائی دینے والے اقدامات نظر آئیں، ورنہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے اقدامات معنی نہیں رکھتے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت نے حافظ سعید کے خلاف پاکستان کی کارروائی کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ محض کاغذی قرار دیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پاکستان کی طرف سے یہ دعویٰ کہ حافظ سعید سمیت اس کے 12 اعانت کاروں کے خلاف کیس درج کرلئے گئے ہیں، صرف عالمی دباؤ کا نتیجہ ہے تاکہ اسلام آباد کو باور کرایا جائے کہ وہ دہشتگرد گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات کی کوشش کررہا ہے کہ عالمی برادری کو اس بات پر گمراہ کیا جائے کہ پاکستان دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ محض کاغذی نہیں بلکہ نیک نیتی سے دہشتگردوں اور دہشتگرد گروپوں کے خلاف پاکستان کی کارروائی تب جانچی جاسکتی ہے جب مصدقہ اور صاف طور پر دکھائی دینے والے اقدامات نظر آئیں، ورنہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے اقدامات معنی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت مخصوص افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے تو پاکستان انکار کرتا ہے لیکن پھر عالمی برادری کو دکھانے کے لئے کہتا ہے کہ انہوں نے شدت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی کردی ہے جو کہ متضاد موقف ہے۔ یاد رہے پاکستان کے محکمہ انسداد دہشتگردی نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کے الزام پر جماعت الدعوۃ سمیت پانچ کالعدم تنظیموں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 803327

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803327/دہشتگرد-گروپوں-کیخلاف-کارروائی-محض-سطحی-اور-گمراہ-کن-ہے-بھارتی-وزارت-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org