QR CodeQR Code

کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے، پانی چوری میں واٹر بورڈ اور مقامی پولیس ملوث ہے، حلیم عادل

5 Jul 2019 20:47

سندھ سیکریٹریٹ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر نے کہا ہے کہ پانی چوری کرنے والوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ تحٹ مقدمات بنائے جائیں، پانی چوری سے بچایا جائے تاکہ شہریوں کو پانی مہیا ہوسکے، سندھ حکومت اگر چاہتی ہے تو وفاق اس کی ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے سندھ سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جو ابھی تک حل نہیں کیا گیا ہے، کراچی میں پانی چوری کر کے فروخت کیا جاتا ہے، پانی چوری میں واٹر بورڈ اور مقامی پولیس ملوث ہے جس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے، اگر کارروائی ہوتی بھی ہے تو کوئی سزا نہیں مل پاتی، پانی چوری کرنے والوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ تحٹ مقدمات بنائے جائیں اور پانی چوری سے بچایا جائے تاکہ شہریوں کو پانی مہیا ہوسکے، کے فور منصوبہ سفید ہاتھی ہے اس منصوبے کو خراب کرے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس کا ڈیزائن بنایا ہے، کے فور پر جو بجٹ ضائع کیا گیا ہے اس کے تحقیقات کروائی جائے۔

حلیم عادل نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے ، عمران خان کا وعدہ ہے کراچی کے مسائل حل کریں گے، عمران خان گیارہ جولائی کو کراچی کا دورہ کریں گے، وفاقی حکومت کراچی کے لئے پروجیکٹ دے رہی ہے، کراچی کی روشنیاں ہم بحال کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اگر چاہتی ہے تو وفاق اس کی ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہے، اگر سندھ حکومت عوام کے مفاد میں کام کرے گی تو ہم مل کر کام کرنے کو بھی تیار ہیں، وفاق کی جانب سے ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 803330

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803330/کراچی-کا-سب-سے-بڑا-مسئلہ-پانی-ہے-چوری-میں-واٹر-بورڈ-اور-مقامی-پولیس-ملوث-حلیم-عادل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org