QR CodeQR Code

حق واپسی کے احتجاجی مظاہرے پر غاصب صیہونیوں کی سیدھی فائرنگ، 30 فلسطینی مظاہرین زخمی

5 Jul 2019 23:59

اعداد و شمار کے مطابق فلسطینی عوام کی طرف سے ہر جمعے کو منعقد ہونیوالے "اپنی سرزمینوں پر واپسی کے عظیم احتجاجی مظاہروں" کے سلسلے کے 65ویں احتجاجی مظاہرے پر غاصب صیہونی فوجیوں کی طرف سے سیدھی فائرنگ کے باعث 30 بیگناہ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی سرزمین پر موجود ہزاروں بےگھر فلسطینی پناہ گزینوں کے ہر جمعے "اپنی سرزمینوں پر واپسی کے عظیم احتجاجی مظاہروں" کے سلسلے کے 65ویں جمعے کے روز منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر سرحد کی دوسری جانب سے غاصب صیہونی فوجیوں کی طرف سے سیدھی فائرنگ کے باعث 30 بیگناہ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق فلسطینی مظاہرین پر غاصب صیہونی فوجیوں کے تازہ حملے میں زخمی ہونے والے ان 30 فلسطینی شہریوں میں سے 16 شدید زخمی ہیں، جن کی حالت خطرے سے خالی نہیں۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں 30 مارچ 2018ء کے دن سے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ "قدس" کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور اپنے سفارت خانے کو "تل ابیب" سے مقبوضہ "قدس" منتقل کرنے کے اعلان پر، "اپنی سرزمینوں پر واپسی" اور "غزہ کے محاصرے کو توڑنے" کے عظیم احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان احتجاجی مظاہروں کے آغاز سے تاحال غزہ کی پٹی کی مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے ساتھ واقع مشرقی سرحد کے ساتھ ساتھ 300 سے زائد فلسطینی شہری شہید جبکہ 17 ہزار 335 فلسطینی شہری زخمی ہوچکے ہیں۔ جمعے کے دن ہونے والے یہ احتجاجی مظاہرے صیہونی امریکی سازشی منصوبے "صدی کی ڈیل" کے پہلے عملی قدم کے طور پر بحرین میں منعقد ہونے والی "منامہ" کانفرنس کے ردعمل میں "باہمی وحدت کے ذریعے صدی کی ڈیل کو پارہ پارہ کر دیں گے" کے نعروں کے ساتھ منعقد کئے گئے۔ ان احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے مظاہرین نے اس بات پر تاکید کی کہ وہ فلسطینیوں اور ان کی آرزوؤں کے خلاف ہونے والی صیہونی امریکی سازشوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور اپنی بھرپور مزاحمت کا اظہار کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 803375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803375/حق-واپسی-کے-احتجاجی-مظاہرے-پر-غاصب-صیہونیوں-کی-سیدھی-فائرنگ-30-فلسطینی-مظاہرین-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org