QR CodeQR Code

کشمیری بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف قربانیوں کی داستان رقم کر رہے ہیں، فخر امام

6 Jul 2019 09:44

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے جان و مال اور عزت و آبرو قربان کر دی ہے مگر حق خودارادیت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف قربانیوں کی داستان رقم کر رہے ہیں۔ کشمیریوں نے جان و مال اور عزت و آبرو قربان کر دی ہے مگر حق خودارادیت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے آزادکشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر ہائوس میں پالیسی اینڈ ریسرچ فورم کے زیراہتمام انٹرنیشنل جرنل آف کشمیر سٹڈیز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔ مغربی ملکوں کے تھنک ٹینکس کو متاثر کرنے کیلئے ہمیں بھی اعلیٰ معیار کے تھنک ٹینک بنانا ہوں گے تاکہ ہمیں دنیا کے اعلیٰ فورموں تک رسائی حاصل ہو۔ پاکستان جب سیاسی، سفارتی اور اقتصادی طور پر مضبوط ہو گا تو اس کا مثبت اثر تحریک آزادی کشمیر پر بھی پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ایک سامراجی قوت ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ سے زیادہ فوج تعینات کر رکھی ہے، ذہنوں کو کوئی قید نہیں کر سکتا ہمیں نئے خیالات کیساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ کشمیری قیادت نے قیام پاکستان سے بھی پہلے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 803403

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803403/کشمیری-بھارتی-فوج-کے-مظالم-خلاف-قربانیوں-کی-داستان-رقم-کر-رہے-ہیں-فخر-امام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org