QR CodeQR Code

اپوزیشن راہنماوں کی پکڑ دھکڑ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، شاہ اویس نورانی

6 Jul 2019 20:00

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو پی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو ہر شہر میں نااہل حکومت کیخلاف مظاہرے ہوں گے۔ ناکام، نالائق اور دھاندلی زدہ حکومت ختم کر کے دم لیں گے۔ حکومت کیخلاف متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ جلسوں کا شیڈول تیار کیا جا رہا ہے، چیئرمین سینٹ کی تبدیلی کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ فاشسٹ حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی آواز دبا نہیں سکتی، حکمران آگ سے کھیل رہے ہیں۔ اپوزیشن راہنماوں کی پکڑ دھکڑ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، کنٹرول لائن کے قریب دھماکہ بھارت کے مذموم ایجنڈے کا عکاس ہے، حکومت انا کی تسکین کیلئے پروڈکشن آرڈر قانون تبدیل کرنے کی کوششوں سے باز آ جائے، پروڈکشن آرڈر ہر ممبر پارلیمنٹ کا آئینی استحقاق ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مرضی کے قوانین بنانا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کی حکومتی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں جے یو پی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا خوش آئند ہے، رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے عمران نیازی کی انا کو تسکین پہنچائی گئی ہے۔ عمران نیازی ہٹلر بن چکا ہے، حکومت کے آمرانہ اقدامات کی مزاحمت کیلئے اپوزیشن متحد ہے، 25 جولائی کو ہر شہر میں نااہل حکومت کیخلاف مظاہرے ہوں گے۔ ناکام، نالائق اور دھاندلی زدہ حکومت ختم کر کے دم لیں گے۔ حکومت کیخلاف متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ جلسوں کا شیڈول تیار کیا جا رہا ہے، چیئرمین سینٹ کی تبدیلی کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 803416

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803416/اپوزیشن-راہنماوں-کی-پکڑ-دھکڑ-سیاسی-انتقام-بدترین-مثال-ہے-شاہ-اویس-نورانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org