0
Saturday 6 Jul 2019 23:55

کراچی میں پانی کا مسئلہ حل فوری کیا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی میں پانی کا مسئلہ حل فوری کیا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا، تو ہم بہت جلد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے پانی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی کانفرنس کے نتیجے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری پُرامید تھے کہ پانی کے حوالے سے کانفرنس میں شہریوں کو خوشخبری سنائی جائے گی اور پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا، لیکن سندھ حکومت نے صرف زبانی جمع خرچ، باہمی الزام تراشیوں کے علاوہ کسی ٹھوس منصوبے کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے تینوں حکومتی جماعتیں اقتدار میں ہیں، ان کی مکمل ذمہ داری بنتی ہے کہ کراچی کے شہریوں کا پانی کا مسئلہ حل کریں، حکومتی جماعتیں بیانات نہیں دیتیں، بلکہ ذمہ داری قبول کرتی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے، صوبہ سندھ کو 90 فیصد اور مرکز کو 70 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے، اس وقت شہر کے تمام وسائل صوبہ اور شہر کا اقتدار تینوں جماعتوں کے ہاتھ میں ہے، اب وقت آگیا ہے کہ برسراقتدار تینوں پارٹیاں مسائل کانفرنس اور بیانات کے بجائے انہیں حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں پانی کی سنگین صورتحال ہے، 70 فیصد آبادی پانی کیلئے ترس رہی ہے، بعض علاقوں میں مہینوں میں ایک آدھ دفعہ پانی آتا ہے، اس کے حوالے سے وفاق، صوبہ اور شہری حکومتوں کو فوری طور پر قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہے، اگر پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا، تو ہم بہت جلد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 803591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش