QR CodeQR Code

تمام جماعتیں نیب کا بائیکاٹ کریں، کسی بھی سوال کا جواب نہ دیں، مولانا فضل الرحمان

7 Jul 2019 01:32

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے دینے والے جج نے خود دباؤ کا اعتراف کیا، اداروں کے خوف سے دن کو رات اور رات کو دن کہنا پڑے تو یہ ظلم ہے، ہر چیز کی حد ہوتی ہے، مگر اب وہ حد پار ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نیب کو انتقامی کارروائی کے لئے بنایا گیا ہے، تمام جماعتیں نیب کا بائیکاٹ کریں، کسی بھی سوال کا جواب نہ دیں۔ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس اور اس میں ویڈیو ثبوت نے حیرت میں ڈال دیا ہے، ویڈیو میں نواز شریف کے خلاف فیصلے دینے والے جج نے خود دباؤ کا اعتراف کیا، اداروں کے خوف سے دن کو رات اور رات کو دن کہنا پڑے تو یہ ظلم ہے، ہر چیز کی حد ہوتی ہے، مگر اب وہ حد پار ہوگئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں احتساب پر اعتراض نہیں، احتساب عدل کی بنیاد پر ہونا چاہیئے، لیکن ملک میں احتساب عدالتیں اپوزیشن کے خلاف استعمال ہو رہی ہیں، ہم پہلے ہی کہتے تھے کہ نیب کو انتقامی کارروائی کے لئے بنایا گیا ہے اور آج احتساب بے نقاب ہوگیا، تمام جماعتیں نیب کا بائیکاٹ کریں، کسی بھی سوال کا جواب نہ دیں اور احتساب کے نام پر انتقام کا حصہ نہ بنیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سلیکٹڈ کا نام لینے پر سلیکٹڈ لوگ ناراض ہوتے ہیں، چلیں سلیکٹڈ نہ صحیح ریجیکٹڈ کہہ سکتے ہیں، یہ حکومت اسٹیبلشمنٹ کی بنائی گئی حکومت ہے۔


خبر کا کوڈ: 803596

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803596/تمام-جماعتیں-نیب-کا-بائیکاٹ-کریں-کسی-بھی-سوال-جواب-نہ-دیں-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org