0
Sunday 7 Jul 2019 11:09

سرینگر میں شاہراہ پر ٹریفک اور ٹرین سروس پر پابندی کیخلاف نیشنل کانفرنس کا احتجاج

سرینگر میں شاہراہ پر ٹریفک اور ٹرین سروس پر پابندی کیخلاف نیشنل کانفرنس کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے اہتمام سے کولگام میں سرینگر و جموں شاہراہ اور بانہال سرینگر ٹرین سروس پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں شامل پارٹی لیڈران اور عہدیداران اور عام لوگوں نے ٹریفک اور ٹرین سروس پر پابندی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقعے پر سینئر خاتون لیڈر اور سابق وزیر سکینہ ایتو نے سرینگر جموں شاہراہ اور ٹرین سروس پر پابندی کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور گورنر انتظامیہ کشمیر کو ایک نوآبادی سمجھتی ہے اور یہاں کے لوگوں پر جنگل راج مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراؤں اور ٹرین سروس پر پابندی انسانی حقوق کی بدترین مثال ہے اور گورنر انتظامیہ لوگوں کو راحت پہنچانے کے بجائے جان بوجھ کر ان کے مصائب اور مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا ایک صدی سے زائد عرصے سے جاری ہے اور 1990ء کے پُرآشوب دور میں بھی یاترا بلاخلل جاری رہی اور یہاں کے عوام نے ہمیشہ یاترا کو کامیاب بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بھارتی حکومت اور ریاستی گورنر انتظامیہ عوام کو پریشان اور تنگ کرنے حیلے بہانے تراش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے غیر دانشمندانہ اور عوام کش اقدامات سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مطالبہ کہا کہ آمرانہ طرز عمل ترک کرکے یہ غیر دانشمندانہ فیصلے فوری طور پر واپس لئے جائیں۔ احتجاج میں پارٹی کی سینئر لیڈران سکینہ ایتو، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، عمران نبی ڈار، ریاض احمد خان کے علاوہ کئی عہدیداران اور کارکنان شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 803632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش