QR CodeQR Code

رانا ثناءاللہ کو اس کے سیاہ کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

7 Jul 2019 18:39

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ دس سال ظلم کرنیوالے اب مظلوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں، قومی خودمختاری کیلئے معاشی خودمختاری ضروری ہے، اس لئے حکومت معاشی بحران کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کرے، دس ماہ کی حکومتی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت اور سابقہ حکومتوں میں کوئی فرق دکھائی نہیں دیتا۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت عوامی غیض و غضب سے بچنے کیلئے عوام کی مشکلات کا احساس اور تدارک کرے۔ بڑھتا ہوا سیاسی عدم استحکام ملک کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم تکبر کی بجائے تدبر کا راستہ اختیار کریں، ملک کو سیاسی افہام و تفہیم کی ضرورت ہے، اپوزیشن کیخلاف حکومت کی جارحانہ پالیسی تباہ کن ثابت ہو گی، خطرات میں گھرے ملک کو قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت اور اپوزیشن مشترکہ نیشنل ایجنڈا تیار کریں، حکومت سے عوام کی مایوسی خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفتی مقیم خان کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ رانا ثناءاللہ کو اس کے سیاہ کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے، دس سال ظلم کرنیوالے اب مظلوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں، قومی خود مختاری کیلئے معاشی خودمختاری ضروری ہے، اس لئے حکومت معاشی بحران کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرے، 10 ماہ کی حکومتی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت اور سابقہ حکومتوں میں کوئی فرق دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس ماہ کے دوران عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوا ہے، نئے پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوا، تبدیلی سرکار بری طرح فلاپ ہو گئی ہے، عمران خان کی ٹیم ناقص اور ناتجربہ کار ہے، وزیراعظم کے نالائق ساتھی اسے لے ڈوبیں گے۔


خبر کا کوڈ: 803696

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803696/رانا-ثناءاللہ-کو-اس-کے-سیاہ-کرتوتوں-کی-سزا-مل-رہی-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org