QR CodeQR Code

حکمران عوام کے مسائل حل کرنا ہی نہیں چاہتے، ثروت اعجاز قادری

7 Jul 2019 21:10

علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جاتے، تو حالات کچھ اور ہوتے ملک ترقی کی جانب گامزن ہوتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاسی نورا کشتی میں اداروں کو نشانہ نہ بنایا جائے، انصاف کیلئے عدلیہ سے رجوع کیا جائے، نیب کرپٹ قوتوں کے خلاف پوری طاقت سے نمٹنے کے اقدامات کرے، ملک کی دولت لٹیروں سے واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کی جائے، حکمران عوام کے مسائل حل کرنا ہی نہیں چاہتے، عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جاتے، تو حالات کچھ اور ہوتے ملک ترقی کی جانب گامزن ہوتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر لانڈھی مجید کالونی سے آئے ہوئے علماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان پر بری نظر رکھنے والے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے، ملک کے خلاف ہونیوالی ہر سازش کا شعور سے مقابلہ کرینگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک اور اسلام کا قلعہ ہے، اسلام دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں، اسلام و ملک دشمن عناصر کا اتحاد و یکجہتی سے مقابلہ کرینگے، انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں حالات تیزی سے بہتر ہوئے ہیں، دہشتگردوں کو ہر حال میں انجام تک پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف بھرپور کاروائیوں کے نتیجے میں ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، بیرونی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کر رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت عوام کو روزگار فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے۔


خبر کا کوڈ: 803710

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803710/حکمران-عوام-کے-مسائل-حل-کرنا-ہی-نہیں-چاہتے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org