0
Thursday 9 Apr 2020 22:49

گلگت اور چلاس میں اہلسنت علماء کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کا اعلان، عوام سے شرکت کی اپیل

گلگت اور چلاس میں اہلسنت علماء کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کا اعلان، عوام سے شرکت کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ گلگت اور چلاس میں اہل سنت علماء کی جانب سے کل نماز جمعہ کی ادائیگی کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کر دی۔ چلاس میں مقامی علما کے ہنگامی اجلاس میں نماز جمعہ معمول کے مطابق چلاس کی تمام مساجد میں ادا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوام سے بھی مساجد میں آنے کی اپیل کر دی۔ ادھر گلگت میں تنظیم اہلسنت والجماعت گلگت بلتستان و کوہستان کے امیر قاضی نثار احمد کی جانب سے بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کا اعلان کر دیا ہے اور عوام سے بھی شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ صوبائی حکومت نے کل یعنی 10 اپریل کو پورے جی بی میں مکمل لاک ڈائون کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس دوران ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے میڈیکل سٹورز کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

دریں اثناء جی بی حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی اور مساجد بند کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا۔ حکومتی ترجمان فیض اللہ فراق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے مساجد بند کرنے اور نمازیوں کو نماز کی ادائیگی سے روکنے کے احکامات نہیں دئیے ہیں۔ چند لوگ سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے نماز پر پابندی عائد کرنے کا تاثر دے رہے ہیں جو غلط اور گمراہ کن ہے۔ حکومت گلگت بلتستان نے کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں عوام سے اپیل کی ہے کہ بزرگ اور بچے نماز گھروں میں ادا کریں اور مساجد میں بھی سماجی دوری کا خیال رکھا جائے تاکہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔ دوسری جانب زرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ انتظامیہ کے حکام علما کو کسی بھی قسم کے اجتماع منعقد نہ کرنے پر قائل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم ابھی تک اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 803930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش