QR CodeQR Code

رانا ثناء اللہ کی ساری زندگی انتہائی مجرمانہ ہے

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کبھی بھی مریم کی قیادت قبول نہیں کرینگے، نعیم الحق

9 Jul 2019 00:20

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے اراکین صوبائی اسمبلی اپنی پارٹی سے مایوس ہو چکے ہیں اور ہمارا ساتھ دینے کے لیے تیار اراکین کی تعداد تقریباً 35 ہے۔ ان میں سے 15 نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور بغیر کسی شرائط کے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام اراکین ہی بدعنوان ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو 10 سے 15 ارب روپے ماہانہ کے بدلے وزارت ملی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ گزشتہ 40 سال میں مسلم لیگ نون نے سیاست کو مکمل طور پر بدعنوان کر دیا۔ نواز شریف نے سال 1987 میں ہی ملک کے خلاف سازشیں شروع کر دی تھیں۔ انہوں ںے کہا کہ دونوں بڑی جماعتوں نے بے انتہا بدعنوانی کی اور سال 1998 تک انہوں نے اپنی تجوریاں بھریں۔ انہوں نے پاکستان کی سیاست کو اتنا زہر آلود بنا دیا ہے کہ اس کی صفائی کرنے میں پی ٹی آئی کی حکومت کو دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ نعیم الحق نے کہا کہ ارشد ملک کی ویڈیو پر عدلیہ کو تحقیقات کرنی چاہیے۔ ملک میں پہلی بار قانون کی حکمرانی ہم لے کر آئے ہیں اور ہر شخص قانون کے تابع ہے۔ تحریک انصاف کا مشن ہے کہ قومی زندگی کے ہر شعبہ میں ہر انسان کو انصاف میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کبھی بھی مریم نواز کی قیادت کو تسلیم نہیں کریں گے اور سچ کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے اور ہم چاہتے ہیں ملکی ادارے مضبوط ہوں لیکن کوئی بھی ٹیپ ملک کا مسئلہ نہیں ہے اس لیے اس کے پیچھے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجیحات سب سے اہم ہونی چاہیے ہمارے پاس قرض اتارنے کے لیے رقم نہیں ہے جب ہم حکومت میں آئے تو تمام ادارے مفلوج تھے لیکن پی ٹی آئی نے انتہائی محنت سے ملکی کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

نعیم الحق نے کہا کہ ہمیں گزشتہ حکومتوں کے قرضے اتارنے کے لیے مجبوراً قرضے لینے پڑے۔ ابھی تو ہم صرف قرضے ہی اتار رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے روزانہ سات ہزار ارب روپے قرضہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت اور رہائش کے لیے انقلابی اقدام اٹھا چکے ہیں جس سے جلد عوام استفادہ حاصل کریں گے اور آئندہ چار سال میں ملک میں ترقی کا انقلاب آئے گا۔ رہائشی اسکیم میں ہی صرف ڈیڑھ کروڑ افراد کو روزگار ملے گا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے اراکین صوبائی اسمبلی اپنی پارٹی سے مایوس ہو چکے ہیں اور ہمارا ساتھ دینے کے لیے تیار اراکین کی تعداد تقریباً 35 ہے۔ ان میں سے 15 نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور بغیر کسی شرائط کے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ سندھ میں کرپشن ہمیشہ کی طرح ریکارڈ توڑ چکی ہے جہاں پیپلز پارٹی کے تمام اراکین بدعنوان ہیں۔ موجودہ وزیر اعلیٰ کے بارے میں معلوم ہوا کہ یہ شخص دبئی میں آصف زرداری سے ڈیل کر کے آیا اور وزارت اعلیٰ کے بدلہ 10 سے 15 ارب روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ نعیم الحق نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے اپنے لوگ پارٹی سے مایوس ہیں جہاں ڈاکوؤں اور لٹیروں کا کلچر ہے۔ کراچی میں ضبط کی جانے والی بے نامی جائیدادیں آصف علی زرداری کی ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حزب اختلاف چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوشش ضرور کر رہی ہے لیکن ابھی تک وہ خود کسی کے نام پر متفق نہیں ہو سکے کہ کون چیئرمین سینیٹ بنے گا۔

انہوں ںے کہا کہ مسلم لیگ نون کے رہنما اسحاق ڈار کی جانب سے ڈیل کرنے کے لیے پیغامات آئے ہیں تاہم ہم نے این آر او اور ڈھیل نہ دینے کا اعلان کر دیا ہے البتہ نواز شریف کے لیے کہیں سے کوئی سفارش نہیں آئی ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ احتجاج کرنا تمام جماعتوں کا آئینی حق ہے اور ہم نے کسی کو احتجاج کرنے سے نہیں روکا ہے اگر حزب اختلاف نے قانون توڑا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی کے والد نے رانا ثنا اللہ پر 22 افراد کے قتل کا الزام لگایا تھا اور رانا ثنا  اللہ کے حلقہ میں مشہور ہے کہ ان کی زندگی انتہائی مجرمانہ ہے یہ اپنے مخالفین کو قتل کرا دیتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم بلیک منی کو جلد منظر عام پر لے آئیں گے۔ سال 1992 میں نواز شریف نے بلیک منی کو بیرون ملک بھیجنا قانونی بنا دیا تھا۔ ندیم ملک نے کہا کہ ارشد ملک کی ویڈیو سامنے آنا کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ اسے سے قبل چیئرمین نیب کے خلاف بھی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد نیب مقدمات میں مزید تیزی آ گئی تھی۔


خبر کا کوڈ: 803934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803934/شہباز-شریف-اور-حمزہ-کبھی-بھی-مریم-کی-قیادت-قبول-نہیں-کرینگے-نعیم-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org