QR CodeQR Code

کشمیر پر اقوام متحدہ کی رپورٹ پر بھارت کا شدید ردعمل

9 Jul 2019 11:55

بھارت کے وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات پر اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن کے دفتر کی طرف سے جاری ایک نئی رپورٹ کے خلاف سخت سفارتی احتجاج کیا ہے۔ حکومت نے رپورٹ کو غلط بتاتے ہوئے اسے مبنی بر غرض بیان قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں ہندوستان سے کہا گیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود اختیاری کا احترام کرے۔ وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے متعلقہ کمیشن پر دہشتگردی کو جائز قرار دینے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ اس رپورٹ میں جس ادعائیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے، وہ ہندوستان کے اقتدار اعلٰی اور علاقائی یک جہتی کے خلاف ہے نیز اس رپورٹ میں سرحد پار سے دہشتگردی کے بنیادی مسئلہ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن کے دفتر کی رپورٹ کی اپ ڈیٹ جموں اور کشمیر کے حالات پر پہلے کے جھوٹے اور مبنی بر غرض بیان کا تسلسل ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے کشمیر انسانی حقوق کی صورتحال پر دوسرے رپورٹ جاری کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن کے قیام کی سفارش کی ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بھارت اور
پاکستان کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے میں ناکام ثابت ہوگئے ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ تاہم بھارت کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ رپورٹ جعلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دہشتگردی کے بجائے کشمیر کے بارے میں جو کہہ رہا ہے وہ صحیح نہیں ہے۔ اقوام متحدہ نے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور انسانی حقوق کے حوالے سے دوسری رپورٹ منظر عام پر لائی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے میں ناکام ثابت ہوگئے ہیں، جبکہ رپورٹ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کمیشن کی سفارش کی گئی ہے۔

بھارت کے وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے۔ ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کو دہشت گردی پر قدغن لگانے پر زور دینا چاہیئے تھا نہ کہ کشمیر کے متعلق رپورٹ منظر عام پر لانی چاہپئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور کسی کو بھی اس میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی کشمیر کے متعلق رپورٹ پر سلامتی کونسل میں سخت احتجاج درج کیا ہے۔ ادھر پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اسلام آباد میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر کی کشمیر سے متعلق دوسری رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے احترام پر زور دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 803983

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/803983/کشمیر-پر-اقوام-متحدہ-کی-رپورٹ-بھارت-کا-شدید-ردعمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org