QR CodeQR Code

وزیراعظم عمران خان کا دورہ کراچی، تاجروں کو ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی

10 Jul 2019 17:13

کراچی میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور استحکام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور ملک سے غربت مٹانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں تاجروں کو حکومت کے ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کروا دی۔ وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے تاجروں سے ملاقات کی اور ملکی معاشی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہیں، حکومت اور تاجر برادری مل جل کر تمام مسائل کا نکالیں گے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی اور استحکام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا۔ وزیراعظم نے تاجر برادری کو حکومت کے ساتھ لے کر چلنے کی بھی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور ملک سے غربت مٹانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ان کی پوری معاشی ٹیم بھی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران موجود تھی۔

تاجر برادری کے وفد نے وزیراعظم کے سامنے ٹیکس نظام میں اصلاحات، آمدنی بڑھانے، افراط زر اور اسملنگ کی روک تھام، کاروبار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ملازمتوں کے موقع پیدا کرنے سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے ون آن ون ملاقات کی اور کراچی سمیت پورے سندھ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جلد ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری منصوبوں کے لئے وفاق اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ بھی کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 804272

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/804272/وزیراعظم-عمران-خان-کا-دورہ-کراچی-تاجروں-کو-ساتھ-لے-کر-چلنے-کی-یقین-دہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org