0
Wednesday 10 Jul 2019 18:20

تمام مسالک ملکی سالمیت و تحفظ کیلئے کام کریں، مولانا عبدالخبیر آزاد

تمام مسالک ملکی سالمیت و تحفظ کیلئے کام کریں، مولانا عبدالخبیر آزاد
اسلام ٹائمز۔ مجلس علماء پاکستان کے چیئرمین و بادشاہی مسجد لاہور کے امام و خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان پر مکمل طور پر عمل درآمد کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ روڈ ٹو مکہ پاک سعودی تعلقات کا عظیم تحفہ ہے۔ حرمین شریفین سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ تمام مسالک و مذاہب متحد ہو کر پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کے لیے کردار ادا کریں، ملک کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ قوم تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مسالک اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی ہمارا مشن ہے، بادشاہی مسجد نے ہمیشہ تمام مسالک اور مذاہب کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کے لیے قوم متحد ہو جائے، پیغام پاکستان پر عمل درآمد کیا جائے تو ملک گرے لسٹ سے نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'روڈ ٹو مکہ'' پراجیکٹ کی سہولت خوش آئند ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کی طرف سے انڈونیشیاء اور ملائیشیاء کو ایسی سہولتیں دی گئیں ہیں 'کہ اپنے ہی ملک میں امیگریشن کے مراحل کو نپٹا دیا جائے یقینا اس اقدام سے سعودی عرب میں گھنٹوں تھکا دینے والے امیگریشن چیکنگ کے مشکل اور صبرآزما مرحلے سے نجات حاصل ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اس سے نہ صرف حجاج کرام کو طویل صبر آزما انتظارا ور مشکلات سے چھٹکارا ملے گا وہ جلد ان مراحل سے نکل کر بیت اللہ شریف کی حاضری اور منزل مقصود پر پہنچ سکیں گے۔ یہ ایک بڑا اقدام ہے جس پر ہم سعودی عرب اور پاکستان کے شکر گذار ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے اقدامات سے پاک سعودی عرب تعلقات اور زیادہ مضبوط ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک سعودیہ دوستی ہمیشہ کی طرح ہے۔ اس اقدام سے پاکستانی عوام کے دلوں میں اور زیادہ محبت اور اخوت کا رشتہ مضبوط ہوگا۔ مولانا آزاد نے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اسلام آباد میں ''روڈ ٹو مکہ '' کا عظیم الشان افتتاح کرکے پاکستانی عازمیں حج کو جو آسانی دی ہے۔ اس سے عازمین حج کے دلوں سے دعائیں نکل رہی ہیں۔ ہم اس موقع پر وفاقی وزارت مذہبی امور کی طرف سے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے حوالے سے بہترین سہولتیں دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ حرمین شریفین سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اوراس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔
سعودی عرب پہ کوئی آنچ آئی تو پاکستانی عوام  سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 804274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش