QR CodeQR Code

بزم جلالیہ رضویہ کے نئے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا

کردار کا رعب تلوار کے رعب سے زیادہ ہوتا ہے، اشرف جلالی

10 Jul 2019 19:44

تقریب سے خطاب میں تحریک صراط مستقیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تحفظِ اسلام کے سلسلہ میں مدارس دینیہ کا کلیدی کردار ہے۔ مدارس دینیہ کیخلاف مغرب کا پراپیگنڈہ بالکل بے بنیاد ہے، دینی مدارس نے ہمیشہ قوم کی حرّیت و حمیت پے پہرا دیا، ان مدارس نے ہر دور میں حکومتوں کے تعاون کے بغیر اسلام کا پرچم بلند رکھا اور ہر دور کے اُجالوں کا اہتمام کیا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں بزم جلالیہ کے عہدیداران کا اعلان کر دیا گیا۔ مفتی محمد زاہد نعمانی کو بزم جلالیہ رضویہ کا سربراہ اور مولانا محمد رضا المصطفی رازی کو ان کا معاون مقرر کیا گیا۔ مولانا محمد عاصم جلالی کو بزمِ جلالیہ کا صدر، مولانا محمد فیصل محمود نقشبندی کو نائب صدر، مولانا احمد تنویر جلالی کو ناظم اعلی، مولانا غلام مرتضی جلالی کو نائب ناظم، مولانا محمد حسنین جلالی کو خازن، مولانا محمد ذیشان جلالی کو سیکرٹری اور مولانا محمد احمد رضا جلالی کو سیکرٹری نشرواشاعت کے عہدہ کیلئے منتخب کیا گیا۔ بعد ازاں نئے عہدیداران سے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے حلف لیا۔ بزمِ جلالیہ کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم، تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کا شعار بدامنی نہیں پاکدامنی ہے۔ جس قوم کے جوانوں کی جوانی محفوظ ہو جائے اس قوم کا مستقبل محفوظ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کردار کا رعب تلوار کے رعب سے زیادہ ہوتا ہے۔ وہ شباب جسے عقیدہ کی پختگی اور عمل کی درستگی میسر آ جائے وہ فولاد سے بھی زیادہ مضبوط ہوتا ہے، قوت اور طاقت کا مدار مرغن غذائیں نہیں، مقدس ادائیں ہیں، عقائد کی پختگی کامیابی کی کلید اور اعمال کی درستگی کامیابی کی نوید ہے۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ تحفظِ اسلام کے سلسلہ میں مدارس دینیہ کا کلیدی کردار ہے۔ مدارس دینیہ کیخلاف مغرب کا پراپیگنڈہ بالکل بے بنیاد ہے، دینی مدارس نے ہمیشہ قوم کی حرّیت و حمیت پے پہرا دیا، ان مدارس نے ہر دور میں حکومتوں کے تعاون کے بغیر اسلام کا پرچم بلند رکھا اور ہر دور کے اُجالوں کا اہتمام کیا۔ یورپ مدارس کو غیر مؤثر کر کے اپنی مرضی کا ایجنڈا پاکستان میں نافذ کرنا چاہتا ہے جس کی کبھی بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جس طرح پاکستان کاقیام مدارس اور مساجد کی آواز سے ہوا ایسے ہی پاکستان کا استحکام بھی منبرومحراب سے وابستہ ہے۔مدارس کے تعلیمی اور ملّی کام میں رکاوٹیں مت ڈالی جائیں۔ ان کے اور ان کے نصاب کے خلاف بدگمانیاں پھیلانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 804295

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/804295/کردار-کا-رعب-تلوار-کے-سے-زیادہ-ہوتا-ہے-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org