QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل کا "تحریک ریاست مدینہ" چلانے کا اعلان

11 Jul 2019 16:33

ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ تحریک ریاست مدینہ میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ ملک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں، حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنائے۔


ملی یکجہتی کونسل نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف تحریک ریاست مدینہ چلانے کا اعلان کر دیا۔ ملی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابولخیر محمد زبیر کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے ریاست مدینہ بنانے کے نعرے سے یو ٹرن لیا ہے، ملک میں کہیں بھی ریاست مدینہ کی جھلک نظر نہیں آتی، مجبور ہو چکے ہیں اب تحریک چلائیں گے۔ منصورہ لاہور میں ہونیوالے ملی یکجتہی کونسل کے سربراہی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دینی جماعتیں مشترکہ طور پر تحریک ریاست مدینہ چلائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 7 مقامات پر کنونشنز منعقد کیے جائیں گے۔ تحریک کے پروگراموں کو حتمی شکل دینے کیلئے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں 10 رکنی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ تحریک ریاست مدینہ میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ ملک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں، حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی قوتوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، اسلامی احکامات کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، ٹیکسوں، مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ بنانے سے وزیراعظم یو ٹرن لے چکے ہیں، اپنی تحریک کے ذریعے حکومت پر دباو ڈالیں گے، مسائل آئی ایم ایف کے احکامات سے حل نہیں ہونگے حکومت کیخلاف پہلا مرحلہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 804460

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/804460/ملی-یکجہتی-کونسل-کا-تحریک-ریاست-مدینہ-چلانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org