QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا کی سابقہ حکومت کا بڑا مالی اسکینڈل سامنے آ گیا

11 Jul 2019 17:08

ڈینگی وباء پر قابو پانے کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے 145 ملین کی رقم مختص کی تھی، 70 ملین روپے کا ٹھیکہ دیا گیا، لیکن تمام کی تمام ادویات نہ صرف غیر معیاری نکلیں بلکہ ٹھیکہ بھی غیر قانونی طور پر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے سابق دور حکومت کا بڑا مالی اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ کے پی کی سابقہ حکومت کی طرف سے 2017ء میں ڈینگی وباء پر قابو پانے کیلئے غیر معیاری ادویات اور دیگر سامان خریدنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں پرویز خٹک دور کا 70 ملین سے زائد کا مالی اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ 2017ء میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ادویات اور دیگر سامان کی خریداری پر نیب نے تحقیقات کیں، جس میں بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق الاپتگین نامی کمپنی نے جس کمپنی سے ادویات امپورٹ کرنے کا دعوٰی کیا وہ جعلی ثابت ہوئیں، خود کو ڈبلیو ایچ او کا مستند ڈیلر قرار دینے والی جعلی کمپنی کی طرف سے نیب کی تحقیقات میں پیش کی گئیں دستاویزات بھی جعلی قرار پائیں۔

خیبر پختونخوا میں 2017ء کے دوران ڈینگی کے مرض کے باعث 60 افراد جاں بحق، جبکہ 5 ہزار سے زائد متاثر ہوئے تھے۔ وباء پر قابو پانے کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے 145 ملین کی رقم مختص کی تھی، 70 ملین روپے کا ٹھیکہ دیا گیا، لیکن تمام کی تمام ادویات نہ صرف غیر معیاری نکلیں بلکہ ٹھیکہ بھی غیر قانونی طور پر دیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق محکمہ صحت نے ایک ایسی کمپنی کو ٹھیکہ دیا جو مطلوبہ میعار پر پورا ہی نہیں اُترتی تھی۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ہیلتھ سمیت دیگر افسران کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا گیا ہے، تاہم اب یہ تحقیقات کرنا باقی ہیں کہ کہیں کمپنی نے ٹھیکہ سیاسی اثر و رسوخ پر تو حاصل نہیں کیا؟


خبر کا کوڈ: 804475

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/804475/خیبر-پختونخوا-کی-سابقہ-حکومت-کا-بڑا-مالی-اسکینڈل-سامنے-ا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org