0
Friday 12 Jul 2019 19:23

اسلام اجتماعی اور انفرادی سطح پر بھی رہنمائی کرتا ہے، حسن محی الدین

اسلام اجتماعی اور انفرادی سطح پر بھی رہنمائی کرتا ہے، حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ زندگی کا کوئی شعبہ تعلیمات اسلامی کے دائرے سے باہر نہیں، لاعلمی اور تعصب کے باعث اسلام کے حوالے سے قدامت پسندی کا پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے، نوجوان قرآن و سنت اور سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ کو اپنے یومیہ معمولات کا حصہ بنائیں، ان پر علم و عمل کا ایک نیا جہان آشکار ہوگا، اسلام واحد دین اور ضابطہ حیات ہے جو آجر اور اجیر، مالک اور مزارع کے حقوق و فرائض کے بارے میں بھی مکمل رہنمائی مہیا کرتا ہے، اسلام ایفائے عہد، عزت و احترام پر مبنی باہمی تعلقات اور شفاف لین دین اور حقوق العباد کی بجا آوری پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق انصاف، تحفظ، لاء اینڈ آرڈر، تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی بذمہ ریاست ہے، جو ریاست فرد کے مذکورہ بالا سماجی تقاضوں کو پورا کرے گی وہ مثالی اور پُرامن ہوگی، فرد کے مفاد، مسائل کو نظرانداز کرنیوالی ریاست میں امن اور خوشحالی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے یہ اصول عالمگیر اور آفاقی ہیں، جو معاشرے اسلام کے دئیے گئے ان اصولوں پر کاربند ہونگے وہ اسلامی ہوں یا غیر اسلامی وہاں خوشحالی اور امن ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اجتماعی اور انفرادی سطح پر بھی رہنمائی کرتا ہے۔ رسول اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان کے ساتھ تعلق ایک عمارت کی طرح ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے، حضور اکرم ﷺ نے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالیں اور اس عمل سے سمجھایا کہ مسلمانوں کو اس طرح آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہنا چاہیے، ایک دوسرے کی قوت کا ذریعہ بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلامی ملکوں کا سب سے بڑا مسئلہ داخلی انتشار اور تفرقہ بازی ہے جس دن مسلمان مذکورہ بالا حدیث نبوی ﷺ کی روشنی میں یکجا ہو جائیں گے خوشحالی امن اور استحکام کا دور لوٹ آئے گا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے مرکزی رہنماوں کے ہمراہ گوشہ درود کا بھی دورہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 804664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب