QR CodeQR Code

تاریخی اور کامیاب شٹر ڈاؤن حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ایمل ولی خان

14 Jul 2019 12:00

ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ گذشتہ عام انتخابات کی شفافیت پر کافی سوالات اُٹھائے گئے ہیں اور اب قبائلی علاقوں میں ہونیوالے انتخابات کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں، اسلئے الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تاریخی اور کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ملک کے تمام کاروباری طبقوں سمیت عام افراد کو بھی ذہنی دباؤ کا سامنا ہے، سینیٹ کے چیئرمین کو ہٹانے پر تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں۔ ضلع بونیر میں سابق رکن صوبائی اسمبلی قیصر ولی خان کے حجرہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک میں ہر طرف مہنگائی اور بدامنی عروج پر ہے، جبکہ وزیراعظم عمران خان کے اردگرد کرپٹ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے کامیاب شٹر ڈاؤن سے ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہوچکی ہے، جنہوں نے کاروباری طبقے اور عام افراد پر ظالمانہ ٹیکس نافذ کر کے ملکی معیشت کو جام کر دیا ہے۔

ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ گذشتہ عام انتخابات کی شفافیت پر کافی سوالات اُٹھائے گئے ہیں اور اب قبائلی علاقوں میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں، اس لئے الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ملکی معیشت روز بہ روز نیچے جا رہی ہے اور ایسے میں حکومت کو سازشیں چھوڑ کر معیشت کی ترقی پر توجہ دینی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 804979

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/804979/تاریخی-اور-کامیاب-شٹر-ڈاؤن-حکومت-کی-ناکام-پالیسیوں-کا-نتیجہ-ہے-ایمل-ولی-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org