0
Sunday 14 Jul 2019 13:15

پاکستان برآمدات کے ہدف سے 5.03 ارب ڈالر پیچھے، ادارہ شماریات

پاکستان برآمدات کے ہدف سے 5.03 ارب ڈالر پیچھے، ادارہ شماریات
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق حکومت مالی سال 19-2018ء میں بر آمدات کے ہدف سے 5.03 ارب ڈالر پیچھے رہ گئی۔ رپورٹ کے مطابق جون کے مہینے میں ختم ہونے والے مالی سال میں بر آمدات میں گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں ایک فیصد کمی آئی، جو 22.91 ارب ڈالر رہی جبکہ حکومت کی جانب سے 28 ارب ڈالر کا ہدف طے کیا گیا تھا۔ حکومت کو آمدنی بڑھانے کے لئے برآمدات کے شعبے میں ٹیکس چھوٹ دیئے جانے کے باوجود ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔ کامرس ڈویژن کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی میں سست روی، یورپی یونین میں جاری تنازع اور امریکا چین تجارتی کشیدگی کے وجہ سے ہوا ہے۔ مہینوں کے حساب سے اگر دیکھا جائے تو جون کے مہینے میں بر آمدات 8.77 فیصد کم ہوکر 1.71 ارب ڈالر رہی جو گذشتہ سال اس ہی مہینے میں 1.88 ارب ڈالر تھی۔

دوسری جانب حکومت اپنے درآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ درآمدات 9.86 فیصد کم ہوکر گذشتہ مالی سال کے 60.79 ارب ڈالر کے مقابلے میں 54.79 ارب ڈالر رہی۔ فرنس آئل، مشینری، برقی ساز و سامان، پام آئل، ٹیکسٹائل کی درآمدات میں کمی سے مجموعی اثرات سامنے آئے۔ درآمدات میں کمی کی وجہ سے حکومت کا تجارتی خسارہ 15.33 فیصد کم ہوگیا، جو گذشتہ سال 37.58 ارب ڈالر تھا اور اس سال 31.82 ارب ڈالر رہا۔ خسارے میں کمی کی ایک اور اہم وجہ روپے کی قدر میں کمی اور برآمدات کے شعبے کو ٹیکس چھوٹ کی پیشکش بھی رہی۔
 
خبر کا کوڈ : 805001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش