0
Monday 15 Jul 2019 08:18

پنڈتوں کو واپس لانا کشمیری لیڈروں کی ذمہ داری ہے، ستیہ پال ملک

پنڈتوں کو واپس لانا کشمیری لیڈروں کی ذمہ داری ہے، ستیہ پال ملک
اسلام ٹائمز۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں تعینات گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے ایسی جگہوں یا مقامات کی نشاندہی کرلی ہے، جہاں پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کچھ جگہیں ضلع پلوامہ اور کچھ مقامات دوسرے علاقوں میں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پنڈتوں کو کسی بھی جگہ قیام کرانے کے حق میں نہیں بلکہ ہم اُنھیں اچھی اور محفوظ جگہیں دینا چاہتے ہیں اور حکومت ایسا ہی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پنڈتوں کو متبادل قیام گاہیں فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہوں تاکہ اُن کے پاس رہنے کے لئے گھر ہوں، بچوں کے لئے اسکول ہوں اور مجموعی طور پر وہ محفوظ ہوں۔ گورنر نے کہا کہ کشمیر میں ایسا ماحول ہے کہ واپس آنے والے پنڈتوں کے لئے علیحدہ بستیوں کا قیام ناگزیر ہے تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ واضح کیا کہ ایسی بستیوں کا قیام کوئی پسند نہیں بلکہ ضرورت کا معاملہ ہے اور اس کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنڈتوں کو یہ موقعہ دیا ہے کہ وہ اپنی پسند کی جگہوں پر واپس آکر قیام کریں۔ ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں گورنر نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ جن لوگوں نے پنڈتوں سے مکانات چھین لئے ہیں، وہ ان کو واپس آنے کی دعوت دیتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام مین اسٹریم اور علیحدگی پسند لیڈروں کا ہے کہ وہ مہاجر پنڈتوں کو کشمیر واپس آنے پر آمادہ کریں۔ ستیہ پال ملک کا کہنا تھا کہ یہ کام کشمیری لیڈروں محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور حریت لیڈروں کا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کو واپس اپنے گھروں میں آکر اپنے سماج میں رہنے بسنے کے لئے آمادہ کریں اور اس مقصد کے لئے پنڈتوں کے چھینے گئے مکانات یا گھر اُن کو واپس دیئے جانے چاہئیے۔
خبر کا کوڈ : 805058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش