QR CodeQR Code

دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ، سیلابی صورتحال کا امکان

15 Jul 2019 18:58

پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ، گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان، پانی کچے کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے اور اس میں کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہو رہا ہے، جس کے بعد دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، اس سلسلے میں آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک سکھر بیراج کی ڈاؤن اسٹریم سے پانی کا اخراج دو لاکھ کیوسک سے زائد نہیں ہوگا، اسے نچلے درجے کا سیلاب ڈکلیئر نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب دریا میں پانی بڑھنے کے ساتھ ہی پانی نے کچے کی طرف رخ کرلیا ہے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد پر پانی کی آمد 2 لاکھ 14 ہزار 935 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 74 ہزار 823 کیوسک، جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 39 ہزار 665 کیوسک اور اخراج 80 ہزار 265 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 39 ہزار 75 کیوسک اور وہاں سے سمندر کی طرف اخراج 710 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ آبپاشی حکام کے مطابق جیسے جیسے کوٹری بیراج پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگی، اسی طرح کوٹری بیراج سے بھی اخراج بڑھا دیا جائے گا، تاہم تینوں بیراجوں پر آئندہ چوبیس گھنٹے میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 805189

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805189/دریائے-سندھ-میں-پانی-کی-سطح-اضافہ-سیلابی-صورتحال-کا-امکان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org