QR CodeQR Code

سندھ میں عوام کو روٹی، کپڑا، مکان کے نام پر بیوقوف بنایا گیا، تحریک لبیک

15 Jul 2019 20:54

وسطی سندھ کے دو روزہ دورے کے موقع تحریک لبیک کے صوبائی ناظم اعلیٰ صوفی یحیٰ قادری نے کہا کہ تھر میں بچے بھوکے مرتے رہے، لیکن حکمران اپنے پالتو گھوڑوں کو سیب کے مُربے کھلاتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک سندھ کے ناظم اعلیٰ صوفی یحییٰ قادری نے کہا ہے کہ سندھ میں عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر بےوقوف بنایا جاتا رہا، سندھ کے عوام گزشتہ 50 سالوں سے روٹی کپڑا مکان کے نام پر ووٹ دے رہے ہیں، لیکن اب تک نہ تو سندھ کے عوام کو روٹی ملی، نہ کپڑا ملا اور نہ ہی مکان ملا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے وسطی سندھ کے دو روزہ دورے کے موقع پر کیا۔ ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری نے پیر سید جندل شاہ قادری، محمد حسین نیازی اور محمد اویس رضوی کے ہمراہ امیر وسطی سندھ مفتی منظور علی عباسی کی دعوت پر وسطی سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا، ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری نے سیہون شریف، ضلع دادو، ضلع نوشہروفیروز، ضلع نواب شاہ کا دورہ کیا اور وہاں تنظیمی اجلاسوں میں شرکت کی۔

صوفی یحیٰ قادری نے کہا کہ تھر میں بچے بھوکے مرتے رہے، لیکن حکمران اپنے پالتو گھوڑوں کو سیب کے مُربے کھلاتے رہے، پاکستان میں سندھ واحد صوبہ ہے، جہاں قحط سالی کی وجہ سے چھوٹے بچے جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سندھ میں کبھی لسانی تعصب کو ہوا دے کر ووٹ بٹورتے ہیں، کبھی قوم پرستی کے نعرے لگا کر معصوم عوام کا جذباتی استحصال کرکے ووٹ بٹورتے ہیں، کبھی سیکیولرازم کے نعرے بلند کرتے ہیں، تو کبھی کوئی اور قلابازی کھاتے ہیں، لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ سندھ صدیوں سے صوفیاء اور اسلام پسندوں کا مرکز رہا ہے، یہاں پر لسانی تعصب اور قوم پرستی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 805200

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805200/سندھ-میں-عوام-کو-روٹی-کپڑا-مکان-کے-نام-پر-بیوقوف-بنایا-گیا-تحریک-لبیک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org