0
Monday 15 Jul 2019 21:44

کراچی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پروفیسر ڈاکٹر علیرضا کی اہلیہ جاں بحق

کراچی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پروفیسر ڈاکٹر علیرضا کی اہلیہ جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ سے یونیورسٹی پروفیسر کی اہلیہ جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس نے قتل کی واردات کو مشکوک قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو سر میں گولی لگی تھی، جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج جاں بحق ہوگئیں۔ مقتولہ کی گاڑی کے قریب سے پرس کا ٹوٹا ہوا ہک اور 30 بور کا خول ملا ہے, جس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان نے خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی مار دی۔ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر علی رضا کی اہلیہ ہیں، جنہیں یونیورسٹی گیٹ کے سامنے ہی نشانہ بنایا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر علی رضا جامعہ میں ایک شعبہ کے سربراہ ہیں۔ ایس پی گلشن اقبال ڈویژن شاہ نواز چاچڑ نے قتل کی واردات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال تھانے کی حدود میں ہونے والے اس واقعے کی اطلاع ون فائیو پر ایک بجے دی گئی اور یہ واقعہ تقریبا 12 بجکر 50 منٹ پر پیش آیا تھا۔

شاہ نواز چاچڑ کے مطابق خاتون گھر کا سامان خریدنے کے بعد واپس گھر جا رہی تھیں کہ یونیورسٹی کے عقب میں موجود گلی میں خاتون کو نشانہ بنایا گیا۔ شبہ ہے کہ واردات میں 2 سے 3 افراد شامل تھے، جنہوں نے خاتون پر ایک گولی چلائی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں کو خاتون سڑک پر گری ہوئی ملیں، جن کے سر میں گولی لگی تھی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ پولیس واقعہ کی دو پہلوؤں سے تفیش کر رہی ہے، جس میں دوران ڈکیتی ڈاکوؤں نے فائرنگ کی یا پھر یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہوسکتا ہے، تاہم پولیس ابھی تک کسی نتیجہ پر نہیں پہنچی ہے۔ پولیس کے مطابق دشمنی کا معاملہ تو خاتون کے اہلخانہ ہی بتا سکتے ہیں، لیکن وہ اس وقت پریشان ہیں، اس لئے پولیس نے ان سے اس حوالے سے بات نہیں کی، تاہم ورثا کے بیان کے بعد ہی دشمنی والا معاملہ واضح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ڈکیتی کی واردات ہوتی تو ملزمان اپنے ساتھ کچھ لے کر بھی جاتے، لیکن وہ کچھ نہیں لے کر گئے، تاہم پولیس ڈکیتی کو سامنے رکھ کر بھی تفیش کرے گی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر اس سے قبل بھی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، لیکن خاتون کو پہلی بار نشانہ بنایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 805225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے