0
Monday 15 Jul 2019 23:53

عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ لندن میں دائر کریں گے، شاہد خاقان عباسی

عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ لندن میں دائر کریں گے، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان، شہزاد اکبر اور دیگر افراد جو بیانات دے رہے ہیں شہباز شریف ان کے خلاف انگلینڈ کی عدالتوں میں ہتک عزت کا دعوی کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ  شہزاد اکبر ایسٹ ریکوری یونٹ کے انچارج ہیں لیکن آج تک ان سے کوئی اثاثہ ریکور نہ ہوا ان کا سب سے بڑا اثاثہ جھوٹ لگتا ہے، ڈیلی میل میں خبر لگوائی گئی اور برطانوی ادارے نے مجبور ہو کر چھٹی کے دن ڈیلی میل کی خبر کی تردید کر دی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کا کام پریس کانفرنس کرنا نہیں، عمران خان، شہزاد اکبر اور دیگر افراد جو بیانات دے رہے ہیں شہباز شریف ان کے خلاف انگلینڈ کی عدالتوں میں ہتک عزت کا دعوی کررہے ہیں، ان میں ہمت ہیں تو ثبوت کے ساتھ پیش ہوں، ان جھوٹوں میں ہمت نہ ہو گی کہ یہ وہاں پیش ہوں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں کرپشن  ثابت نہیں کرسکے تو برطانوی ادارے کے فنڈز پر بات کر رہے ہیں، اس فنڈ کا پنجاب حکومت سے تعلق نہیں مشرف دور کا تھا اس پر کہہ رہے ہیں شہباز شریف نے کرپشن کی، 2011ء اور 12 کے پے آرڈر پیش کیے گئے معلوم کر لیا جائے یہ کس کے اور کہاں کے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اگر ایرا کے فنڈز پر کیس بنانے ہیں تو پرویز مشرف پر بھی بنائیں ان کے دور میں یہ سب ہوا، نوید اکرم کا ذکر کیا گیا کہ انہوں نے گواہی دی جب کہ نوید اکرم کو شہباز شریف نے کرپشن پر نکالا تھا اور ان سے 40 کروڑ کی ریکوری ہوئی اور کیس نیب کے حوالے کیا گیا تھا، جس شخص کو گرفتار کیا گیا اسکا کہہ رہے ہیں کہ ان کے ساتھ ملوث تھا، حقیقت یہ ہے کہ آج تک جو بات عمران خان نے کی اس میں کوئی سچ نہ نکلا، اگر ثبوت ہیں نیب، ایف آئی اے کو دیں اور شہباز شریف کو گرفتا ر کریں وہ پہلے بھی جیل رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے آج  پریس کانفرنس  کے دوران ڈیلی میل کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ   شہباز شریف کی فیملی 24 ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، حمزہ شہباز کے نوے فیصد اثاثے اسی طرح ٹی ٹی سے بنے۔
خبر کا کوڈ : 805232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش