0
Tuesday 16 Jul 2019 07:26

عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے شہباز شریف کی قانونی ٹیم برطانیہ پہنچ گئی

عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے شہباز شریف کی قانونی ٹیم برطانیہ پہنچ گئی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی قانونی ٹیم برطانیہ پہنچ گئی، ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی قانونی ٹیم سینئر وکیل سلمان بٹ کی قیادت میں برطانیہ پہنچی ہے۔ قانونی ٹیم برطانیہ میں وکلا سے مشاورت کرے گی، جس کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دو دن قبل برطانوی اخبار نے شہباز شریف اور انکے اہلخانہ پر الزام عائد کیا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے زلزلہ زدگان کو دی گئی 500 ملین پاؤنڈز کی امداد میں سے لاکھوں پاؤنڈز چرا کر اپنے اکاؤنٹس میں ڈلوائے، شہباز شریف اور انکے خاندان نے برطانیہ کی جانب سے ملنے والی امداد میں خردبرد کر کے لاکھوں پاؤنڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کئے تھے۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ شہباز شریف برطانیہ کی عدالتوں میں عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر پر شہباز شریف کو چیلنج ہے کہ وہ میرے خلاف لندن کی عدالت میں کیس کریں، لندن کی عدالت میں شہباز شریف کی کرپشن کا ایک ایک ثبوت پیش کروں گا۔ اُدھر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شائع ہونے والی خبر کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ وکلاء برطانوی قانون کے مطابق متعلقہ عدالت میں ہتک عزت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے مقدمہ کے کاغذات تیار کرکے مقدمہ دائر کرینگے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلٰی شہباز شریف نے گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈیلی میل، عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔ شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا "ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ خود ساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کے ایما پر چھاپی گئی۔" شہباز شریف نے کہا ہم ان دونوں حضرات کی خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ ویسے، عمران خان صاحب آپ کو ابھی میری جانب سے کئے گئے 3 ہتک عزت کے دعوں کا جواب بھی دینا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 805238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش