0
Tuesday 16 Jul 2019 12:21

ریڈی میڈ لیڈر اور جماعتیں آر ایس ایس کے آلہ کار ہیں، علی ساگر

ریڈی میڈ لیڈر اور جماعتیں آر ایس ایس کے آلہ کار ہیں، علی ساگر
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ ہماری صفوں میں نفاق ڈال کر ہماری آواز کو بے وزن کرنے کیلئے باضابطہ طور پر ایک مشینری کام کررہی ہے اور ہماری ریاست کو اندر سے کھوکھلا کرنے کیلئے ایک میکانزم کے تحت کشمیر میں نت نئی سیاسی جماعتیں اور اتحادوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور ان ریڈی میڈ لیڈران کے منہ میں دلکش اور فریبی نعرے ڈالے جارہے ہیں۔ علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر دیوسر کنڈی اور شمالی کشمیر سے وابستہ کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ اتحاد و اتفاق میں ہی کشمیر کا مستقبل محفوظ ہے اور ہمیں ہر اُس سازش اور منصوبہ کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے کا مقصد ہماری آواز کو تقسیم اور بے وزن کرنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے بے نقاب ہونے کے بعد متبادل جماعتوں اور چہروں کو آگے لاکر کشمیریوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2014ء میں پی ڈی پی کو منڈیٹ دیکر جو غلطی ہوئی ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہیئے اور عوام کو ہر اُس جماعت اور چہرے کو یکسر مسترد کرنا چاہیئے جن کا مقصد آنے والے انتخابات میں وہی رول نبھانا ہے جو پی ڈی پی نے 2014ء کے انتخابات کے بعد نبھایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمنوں کا ایجنڈا کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، یہ لوگ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کیساتھ ساتھ ریاستی کی علاقائی سالمیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وقت کی اہم ضرورت ہم اپنی صفوں کو مضبوط کریں اور ریاست کے وسیع تر مفاد کیلئے متحدہ ہوجائیں اور چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 805269
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش