QR CodeQR Code

وادی نیلم، سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے مزید 3 افراد کی لاشیں مل گئیں

16 Jul 2019 12:10

وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ایمرجنسی کنٹرول روم کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 19 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وادی نیلم میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 3 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جب کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ایمرجنسی کنٹرول روم کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 19 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے دریائے نیلم میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے عوام کو دریا سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب  ریسکیو  اور ریلیف آپریشن کے لیے مزید  ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے جب کہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی تھی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتا ہوگئے تھے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے افراد میں زیادہ تعداد مدرسے کے طالب علموں کی ہے۔ گزشتہ رات وادی نیلم میں زبردست آندھی آئی جس کے دوران بادل پھٹے اور نالہءلیسوا میں زبردست طغیانی آ گئی۔ طغیانی اس قدر زوردار تھی کہ وہ نالہ کے آر پار درجنوں گھروں و دُکانوں اور جامع مسجد سمیت متعدد گاڑیوں کو بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دوران 35 افراد شہید، درجنوں زخمی اور 41 کے قریب لاپتہ ہو گئے ہیں۔ شہداء میی تبلیغی جماعت کے 12 افراد بھی شامل ہیں، جو طغیانی کی زد میں آنے والی مسجد میں ٹھہرے ہوۓ تھے۔ رات کو نیلم میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کے باعث ذرائع ابلاغ، امدادی ادارے اور انتظامیہ اس حادثے سے بے خبر رہے۔ ابھی بھی موبائل اور انٹرنیٹ کی سروس میں گڑ بڑ کی وجہ سے اس حادثے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات معلُوم کرنے میں مشکلات درپیش آ رہی ہیں۔ امدادی اداروں کے رضا کاران اور پولیس کی ٹیمیں علاقے کی طرف روانہ ہو چُکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 805299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805299/وادی-نیلم-سیلابی-ریلے-میں-بہہ-جانے-والے-مزید-3-افراد-کی-لاشیں-مل-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org