0
Tuesday 16 Jul 2019 12:40

جج ارشد ملک ویڈیو کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت، اٹارنی جنرل سے تجاویز طلب

جج ارشد ملک ویڈیو کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت، اٹارنی جنرل سے تجاویز طلب
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل سے تجاویز طلب کرلیں۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جج ارشد ملک کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے جب کہ دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کہا گیا کہ ویڈیو کے معاملے پر ازخود نوٹس لیں، لوگوں کے کہنے پر کوئی کام کریں گے تو کیا ہم آزاد ہونگے؟۔ عدالت نے مزید کہا کہ ازخود نوٹس کسی کے مطالبے پر لیں تو یہ ازخود نوٹس تو نہ ہوا، جج کا معاملہ عدالت دیکھے گی، جو دھول بھی اٹھ رہی ہے اسے چھٹنا چاہیے۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ اصل معاملہ عدلیہ کی ساکھ ہے، لوگوں کو عدلیہ پر اعتماد نہیں ہوگا تو انصاف کیسے ہوگا، بنیادی مسئلہ ہی عدلیہ کے اعتماد کا ہے۔

درخواست گزار اکرام چوہدری نے کہا کہ عوام کا عدلیہ پر احترام مجروح ہوا ہے، اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمیں ہدایت دینے کی ضرورت نہیں کہ تحقیقات کیسے ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ اس معاملے میں غیر معمولی باتیں بھی ہیں، تحقیقات کس مرحلے پر ہوں، سوال یہ ہے کہ تحقیقات کس طرح سے کی جائے۔ معزز چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ اس معاملے کو دیکھتی ہے تو اس کے کیا اثرات ہوں گے، اس بات سے مکمل اتفاق ہے کہ اس معاملے کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ہمارے سامنے مسئلہ اور ہے کہ یہ معاملہ کس کو اور کب دیکھنا چاہیے، یہ معاملہ پہلے ہی ہائی کورٹ میں زی رسماعت ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا اور تجاویز طلب کرلیں۔ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے سلسلے میں سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے، عدالت کے احاطے اور ریڈ زون میں ایک ہزار اہلکار تعینات کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 805309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش