0
Tuesday 16 Jul 2019 16:25

گلگت، سکول وین حادثے کی جھوٹی خبر نے انتظامیہ کی دوڑیں لگوا دیں

گلگت، سکول وین حادثے کی جھوٹی خبر نے انتظامیہ کی دوڑیں لگوا دیں
اسلام ٹائمز۔ گلگت میں سکول وین حادثے کی جھوٹی خبر نے نہ صرف انتظامیہ کی دوڑیں لگوادیں بلکہ درجنوں والدین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ یہ صورتحال اس وقت پیش آئی جب دوپہر کو پکنک پر گلگت سے بگروٹ ویلی جانے والے مسلم آئیڈیل سکول کشروٹ کے طلبہ سے بھری ایک وین کے بگروٹ نالے میں گرنے کی اطلاع دی گئی۔ اس جھوٹی اطلاع کو زیادہ سے زیادہ اور تیزی سے پھیلانے اور میڈیا و سوشل میڈیا کو گمراہ کرنے میں وزیر اعلی سیکریٹریٹ کے ایک ذمہ دار عہدیدار اور اس موقع پر اس عہدیدار کے پاس بیٹھے ان کے بعض مہمانوں کا کلیدی کردار رہا جنہوں نے نہ صرف ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلی عہدیداروں اور محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کے حکام کے علاوہ میڈیا اور سوشل میڈیا کے نمائندگان کو فون کر کے حادثے اور سکول وین کے بگروٹ نالے میں گرنے کی جھوٹی اطلاع دی۔ جس کے فوری بعد نہ صرف ڈپٹی کمشنر گلگت ہنگامی طور پر بگروٹ پہنچے بلکہ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں بھی بگروٹ پہنچیں اور بگروٹ کے مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر جائے حادثے کو کافی دیر تک تلاش کیا جاتا رہا۔

اس دوران انتہائی کربناک صورتحال سے دوچار مسلم آیئڈیل سکول کشروٹ کے طلبہ کے والدین اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد بھی بگروٹ پہنچی، حادثے کی خبر ٹی وی چینل پر بھی چلائی گئی جس کے بعد والدین کے کرب میں اور بھی اضافہ ہو گیا، مگر 2 گھنٹے کے سرچ آپریشن کے دوران اس من گھڑت اور بے بنیاد جھوٹی خبر کا اس وقت ڈراپ سین ہوا جب بگروٹ کے مقامی لوگوں نے یہ اطلاع دی کہ مسلم آئیڈیل سکول کشروٹ کے پکنک پر بگروٹ آنےوالے تمام طلبہ خیریت سے ہیں اور وہ بگروٹ ویلی کے ایک باغ میں کھیل کود میں مشغول ہیں۔ اس خبر پر والدین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور انھوں نے خدا کے حضور شکرانہ ادا کیا۔ جس کے بعد والدین بھی اسی باغ میں پہنچے اور اپنے بچوں کی پکنک پارٹی میں خود بھی شامل ہو گئے۔ عمایئدین کشروٹ نے کہا کہ اس جھوٹی اطلاع کے موجد اور اس کو پھیلانے کے زمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جھوٹی خبروں کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی جرآت نہ ہو۔
 
خبر کا کوڈ : 805348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش