0
Tuesday 16 Jul 2019 20:40

بلوچستان آنیوالی نسلوں کی امانت ہے، خون کے آخری قطرے تک اسکا دفاع کرینگے، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ

بلوچستان آنیوالی نسلوں کی امانت ہے، خون کے آخری قطرے تک اسکا دفاع کرینگے، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کے ایک انچ کا بھی سودا نہیں کریں گے، سیاسی مزاحمت کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے، بلوچستان لاوارث نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہے، خون کے آخری قطرے تک اس کا دفاع کریں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے زیراہتمام شہداء بلوچستان کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب سے ڈپٹی آرگنائزر شاہ زیب بلوچ، ثناء بلوچ، میر سعد اللہ مینگل، چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ، وڈیرہ نذیر احمد کھیتران، شیر احمد قمبرانی، طائب پہوڑ، لیلٰی بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا رویہ بلوچستان کے ساتھ آج بھی درست نہیں، اسی رویئے کے خلاف پیراں سال بابو نوروز نے اپنے جواں سال بیٹوں کے ہمراہ جدوجہد کی، جنہیں قسم دے کر پہاڑوں سے اتار کر تختہ دار پر لٹکایا گیا، جو بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل سے مالا مال خطہ آج تک بنیادی حقوق سے بھی محروم ہے، یہاں پر نہ تو مناسب ہسپتال ہیں اور نہ ہی تعلیمی ادارے ہیں۔ سی پیک معاہدے میں بلوچ قوم کو نظرانداز کرنا استحصالی سوچ کو عیاں کرتا ہے۔ یہ حکمرانوں کی بھول ہے کہ گوادر جو بلوچوں کی شناخت ہے، اسے وہاں پر اقلیت میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو مثبت قرار د یتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کو سیاست سے بے دخل کیا جائے، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی بلوچستان کے ساحل و وسائل پر اختیار، قومی تشخص کی بقاء کیلئے بلوچستان بھر کے نوجوانوں اور عوام کو ساتھ لیکر بھرپور انداز میں جدوجہد کریگی۔
 
خبر کا کوڈ : 805378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش