0
Tuesday 16 Jul 2019 20:49

نظریہ پاکستان کے تحفظ کے بغیر پاکستان کا تحفظ نہیں کیا جا سکتا، اشرف جلالی

نظریہ پاکستان کے تحفظ کے بغیر پاکستان کا تحفظ نہیں کیا جا سکتا، اشرف جلالی
اسلام ٹائمز۔ تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں سوشل میڈیا ورکرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان کے تحفظ کے بغیر پاکستان کا تحفظ نہیں کیا جا سکتا۔ نظریہ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالوں کو انڈیا چلے جانا چاہیے۔ ان لوگوں کو نظریہ پاکستان کی قدر و قیمت کا احساس ہی نہیں ہے۔ یہ لوگ آزاد وطن کی قدر و قیمت ان مسلمانوں سے پوچھیں جنہیں آئے روز بھارت میں کھمبوں سے باندھ کر ڈنڈے مار کر شہید کیا جا رہا ہے۔ ”دو قومی نظریہ“ قرآن و سنت کی تعلیمات کا ضروری حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کی سوچ کا پرچار کرنیوالے پاکستان کی بنیاد پر حملہ کر رہے ہیں جسے کبھی بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

اشرف جلالی کا کہنا تھا کہ نظریہ پاکستان کیخلاف بولنے والے چینلوں پر پابندی لگائی جائے، سوشل میڈیا پر نظریہ پاکستان کے دشمنوں کا ناطقہ بند کیا جائے۔ نظریہ پاکستان مدینہ منورہ میں بننے والی پہلی اسلامی سلطنت کا نظریہ ہے۔ قیام پاکستان کی تمام جدوجہد کی روح نظریہ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان وہ نظریہ ہے جس کیلئے بیس لاکھ شہیدوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ نسل نو کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانا ازحد ضروری ہے۔ رنگ و نسل، لسانیت، صوبائیت اور علاقائیت کے نعرے نظریہ پاکستان کیلئے زہر قاتل ہیں۔ قرآنی تعلیمات کے مطابق اسلامی تعلیمات کو مکمل بجا لانے کیلئے یہ دین آزاد زمین چاہتا ہے۔ جس میں کسی کی مداخلت نہ ہو اسی مقصد کیلئے پاکستان بنایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 805379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش