0
Wednesday 17 Jul 2019 08:26

لاہور میں طوفانی بارش سے شاہی قلعہ کا مرکزی دروازہ گر گیا

لاہور میں طوفانی بارش سے شاہی قلعہ کا مرکزی دروازہ گر گیا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے دارالحکومت میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے شاہی قلعہ کے دروازے کا ایک حصہ گر گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں ہونے والے طوفانی بارشوں نے جہاں ایک طرف شہر بھر میں تباہی مچا دی، وہیں تاریخی عمارت شاہی قلعہ بھی شدید متاثر ہوا۔ ٹکسالی فوڈ اسٹریٹ کے قریب واقع شاہی قلعہ کا داخلی دروازہ گر گیا۔ مقامی افراد کے مطابق شاہی قلعہ کے داخلی دروازے پر بارش کا پانی مسلسل کھڑے ہونے سے پہلے چھوٹا دروازہ گرا، جس کے بعد قلعہ کا بڑا داخلی دروازہ بھی گر گیا۔ والڈ سٹی اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دروازہ بارش کے باعث متاثر ہوا ہے جس کو ازسرنو لگوانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا، واضح رہے کہ شاہی قلعہ کی تزئین و آرائش اور عمارت کی مکمل ذمہ داری والڈ سٹی اتھارٹی کی ہے۔

ترجمان والڈ سٹی اٹھارٹی نے روشنائی گیٹ کے منہدم ہونے سے متعلق خبر کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ اسٹریٹ کے قریب واقع روشنائی گیٹ بلکل ٹھیک ہے، روشنائی گیٹ کا چھوٹا داخلی دروازہ بارش کے باعث کنڈیوں سے سرک گیا ہے، جسے صبح ٹھیک کر دیا جائے گا۔ لاہور کے شاہی قلعہ کی تاریخ زمانہ قدیم سے جا ملتی ہے لیکن اس کی ازسرنو تعمیر مغل بادشاہ اکبر اعظم نے کرائی تھی، جبکہ ان کے بعد آنے والی نسلیں بھی اس کی تزئین  و آرائش کرتی رہیں۔ قلعہ کے اندر واقع چند مشہور مقامات میں شیش  محل، عالمگیری دروازہ، نولکھا محل اور موتی مسجد شامل ہیں۔ 1981ء میں یونیسکو نے اس قلعہ کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا، اور اس وقت سے اس کا شمار بین الاقوامی تاریخی اور ثقافتی مقامات میں ہوتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 805417
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش