QR CodeQR Code

دنیا کو یہ بتانا ہو گا کہ کشمیری پرامن قوم ہیں، راجہ فاروق

17 Jul 2019 10:53

بارسلونا میں کشمیری کمیونٹی سے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری تارکین وطن کو اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و یکجہتی پیدا کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ بیرونی دنیا میں آباد کشمیری تارکین وطن کو اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و یکجہتی پیدا کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ بارسلونا میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے یوم شہداء کشمیر پر جس اتحاد اور جذبے کا عملی مظاہرہ کر کے ایک کامیاب اور تاریخی ریلی کا انعقاد کیا ہے وہ نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ اس سے دنیا بھر اور بالخصوص یورپ کے اندر ایک مثبت پیغام گیا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ وہ یہاں اپنے دورہ سپین کے آخری روز کشمیر ریلی کا انعقاد کرنے والی تنظیم ندائے کشمیر بارسلونا کے عہدے داران کے ایک استقبالیے سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت ندائے کشمیر بارسلونا کے صدر راجہ مختار احمد سونی نے کی۔ تقریب میں کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، مسلم لیگ نواز یورپ کے سیکرٹری جنرل نعیم چوہدری، سیکرٹری برائے وزیراعظم راجہ امجد پرویز علی، سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار، ڈائریکٹر جنرل فدا حسین کیانی کے علاوہ کمیونٹی کے رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام، خواتین، بچے، بوڑھے، جوان جان و مال اور عصمتوں کی قربانیاں دیکر ہندستانی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، اُس کے مقابلے میں ہماری سب سے بڑی قربانی یہ ہے کہ اہم اپنا وقت دیں اور دنیا کو یہ بتا دیں کہ کشمیری پرامن قوم ہیں اُن کی جدوجہد اپنے اس بنیادی حق خودارادیت کے لئے ہے جسے عالمی طاقتوں نے اقوام متحدہ کے فورم پر تسلیم کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک ارب بیس کروڑ کے ملک کے ساتھ چند لاکھ کشمیریوں کا مقابلہ ہے، جو تاریخ کشمیریوں نے رقم کی ہے اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، برہان وانی کی شہادت کے بعد اس تحریک نے ایک نیا جذبہ پیدا ہوا ہے یہ جدوجہد اس کے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی اور کئی برہان وانی پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بیرون ممالک کام کرنے والی کشمیریوں کی تنظیموں کے ساتھ روابط کو موثر اور مضبوط بنایا جائے گا، اس مقصد کے لئے پالیسی ریسرچ فورم مختلف تنظیموں کے ساتھ مفاہمتی معائدے کر رہا ہے تاکہ کشمیر پر ہونے والے ریسرچ کام کے علاوہ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کنٹرول لائن پر ہونے والے ہندوستانی فائرنگ کے واقعات کو بھی بیرون ممالک کشمیریوں کے ساتھ شیئر کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ یوم شہدا جموں پر بھی یورپ کے کسی ملک میں اسی طرح کی ریلی نکالی جائے گی اسی طرح دیگر اہم ایام پر دنیا بھر کے اندر کشمیریوں کی آواز کو پہنچانے کے لئے اسی طرح کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 805438

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805438/دنیا-کو-یہ-بتانا-ہو-گا-کہ-کشمیری-پرامن-قوم-ہیں-راجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org