QR CodeQR Code

شاہنواز بھٹو کو ایک گہری و گھناؤنی سازش کے تحت شہید کیا گیا تھا، بلاول بھٹو زرداری

17 Jul 2019 23:46

ایک بیان میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ فکرِ بھٹو پر قائم شہید شاہنواز بھٹو کی جمہوری انقلابی سوچ کا سفر اور جذبہ عوامی خدمت آج بھی جاری ہے، کیونکہ ہم ملک کو حقیقی جمہوری و مساوات پر مبنی قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے آج بھی جدوجہد کے میدان میں موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو ان کی 34 ویں یومِ شہادت کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لئے جاری عوامی جدوجہد میں بھٹو خاندان کی جانب سے بھرپور قائدانہ کردار ادا کرنے کی پاداش میں شہید شاہنواز بھٹو کو ایک گہری و گھناؤنی سازش کے تحت شہید کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آمریتی عناصر شہید شاہنواز بھٹو کی انقلابی سوچ سے خائف اور پاکستان کے نوجوانوں میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ تھے۔  انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نئی نسل کے لئے شہید شاہنواز بھٹو ایک کیس اسٹڈی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقِ حاکمیت کو غضب کرنے والی قوتیں جمہوریت کی بات کرنے پر کتنی سفاک بن جاتی ہیں اور قوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار و زرخیز ذہنوں کے مالک افراد کو کس بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا جاتا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فکرِ بھٹو پر قائم شہید شاہنواز بھٹو کی جمہوری انقلابی سوچ کا سفر اور جذبہ عوامی خدمت آج بھی جاری ہے، کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو حقیقی جمہوری و مساوات پر مبنی قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے آج بھی جدوجہد کے میدان میں موجود اور منزل کی جانب رواں دواں ہے۔  پی پی پی چیئرمین نے پارٹی عہدیداران و کارکنان اور عوام کو اپیل کی کہ وہ آج کے دن شہید شاہنواز بھٹو کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے دعا کریں۔


خبر کا کوڈ: 805578

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805578/شاہنواز-بھٹو-کو-ایک-گہری-گھناؤنی-سازش-کے-تحت-شہید-کیا-گیا-تھا-بلاول-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org