0
Wednesday 17 Jul 2019 23:49

سندھ میں تاجروں اور زمینداروں پر یکساں ٹیکس لگایا جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر

سندھ میں تاجروں اور زمینداروں پر یکساں ٹیکس لگایا جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر  نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کراچی سمیت سندھ بھر کے تاجروں سے من مانے ٹیکس وصول کررہی ہے، جو تاجر قیام پاکستان سے اب تک اس ملک کو چلانے کیلئے ہمیشہ ٹیکس دیتے رہے ہیں لیکن سندھ کے وہ وڈیرے، زمیندار، جاگیردار جن کے پاس لاکھوں ایکڑ زرعی زمینیں ہیں اور ان سے وہ بڑے پیمانے پر آمدنی حاصل کرتے ہیں، لیکن حکومت کو نہ تو وہ ٹیکس دیتے ہیں اور نہ ہی کوئی بھی حکومت ان سے ٹیکس لینے کو تیار ہے، اس کے برعکس ان ہی وڈیروں اور زمینداروں نے مختلف بینکوں سے اربوں روپے قرض لے کر واپس نہیں دیئے، زرعی ترقیاتی بینک سے لے کر شیڈول بینکیں تک انہیں قرضے دیتی ہیں جو واپس نہیں ملتے، اوپر سے آئے دن صوبائی حکومت اُن کے علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر اُن پر جھوٹا موٹا جو ڈھل اور آبیعانہ ہے وہ بھی معاف کردیتی ہے اور انہیں مزید مراعات دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی صوبے میں ٹیکس کی وصولی کے دو معیار قائم ہیں، سندھ اور خاص طور پر کراچی میں تجارت کرنے والے مہاجر ہمیشہ ہی حکمرانوں کے عتاب کاشکار رہے ہیں، اب جبکہ تبدیلی کے دعوے کئے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت زمینداروں اور وڈیروں پر بھی نہ صرف برابری کی بنیاد پر ٹیکس عائد کرے اور ان سے اربوں روپے کی لوٹی ہوئی رقوم بھی وصول کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سندھ میں تجارت کرنے والے مہاجروں کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک کیا جاتا ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی صورت میں ملک کے وسائل کو لوٹنے والے وڈیرے اور زمیندار ہر طرح کی پابندیوں سے آزاد ہیں، وہ ریاست کے وسائل کو لوٹتے ہیں لیکن ریاست کو ٹیکس کی مد میں کچھ بھی دینے کو تیار نہیں ہیں، اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو پھر سندھ کے مہاجر یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ یہ ناانصافی اور زیادتی صرف اور صرف مہاجروں کے ساتھ کی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 805579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش